آ ئی جی پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری

پیر 25 جون 2018 21:48

آ ئی جی پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر ..
فیصل آباد۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پنجاب کی جانب سے ضلع فیصل آباد ریجن سمیت صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کرد ئیے گئے ، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد کی جانب سے آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ریجن بھر کے اضلاع میں پولیس حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اپنے علاقوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن 2018ء کے حوالے سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے او ر خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے،غلام محمود ڈوگر ریجنل پولیس آ فیسر فیصل آبادنے سی پی اوفیصل آباد، ڈی پی اوزجھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائے اور اس سلسلہ میں کسی بیرونی دبائو اور سیاسی اثرات سے بالا تر ہوکر اقدامات عمل میں لائیں،سر عام اسلحہ کی نمائش ،ہوائی فائرنگ ،لاوڈ سپیکر کے غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف بمطابق قانون سخت کارروائی کی جائے،شر پسند اور تخریبی عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،علاوہ ازیں انہوں نے ضلعی سربراہان پولیس فیصل آباد ریجن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرائم کے خاتمہ کیلئے موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کریں اور جرائم میں کمی لانے کیلئے قابل عمل،موثر پالیسی وضع کریں، غیر شفاف شیشوں والی گاڑیوں / موٹر سائیکلوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گا ڑیوں/ موٹر سائیکلوں کیخلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بھجوائی جائیں۔