عوام کوتبدیلی کے نام پر مزید دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، عوام کا سابقہ حکمران جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکاہے،سکندر شیر پائو

قومی وطن پارٹی غریب عوام ، پسے ہوئے طبقات اور پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور صوبہ کے کم ترقیافتہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر بھرپور توجہ دے کر اس کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے عملی کردار ادا کرے حلقہ PK-56اور59میں مختلف انتخابی تقاریب اور کارنر میٹنگ سے خطاب

پیر 25 جون 2018 20:27

عوام کوتبدیلی کے نام پر مزید دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، عوام کا سابقہ حکمران ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام کوتبدیلی کے نام پر مزید دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔انھوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوںنے اقتدار میں آنے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے اور امن،ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے عوام کا سابقہ حکمران جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکاہے اور وہ ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہPK-56اور59میں مختلف انتخابی تقاریب اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی غریب عوام ، پسے ہوئے طبقات اور پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور صوبہ کے کم ترقیافتہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر بھرپور توجہ دے کر اس کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے عملی کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے آسمان سے باتیں کرتی ہوئی مہنگائی ،ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،شدید بدامنی ، بے روزگاری اور پسماندگی جیسے بحرانوں نے غریب آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے اور وہ بے یقینی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ بعض عناصرنے الیکشن 2013میں تبدیلی اور اچھی حکمرانی قائم کرنے کے دعوے کئے لیکن صوبہ کی بدحال معاشی صورتحال ان وعدوں کی نفی کرتی ہے اوران کی غلط پالیسیوں کی بدولت پختونوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جائز مقام اورتشخص نہیں ملاجس کی وجہ سے وہ کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیںجبکہ پختونوں نے ہمیشہ ملک کے تحفظ ،ترقی،بقا اور خوشحالی کیلئے بڑی قربانیاں دیں ہیں اور ہر آڑے وقت میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے حصول اور حقیقی تشخص کی بحالی ہماری اولین ترجیحات ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ اس وقت پختونوں کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل و مشکلات کو سمجھ سکتا ہواور اس کیلئے عملی جدوجہد کرنے کی اہلیت رکھتا ہو تاکہ صوبے اور پختونوں کودرپیش چیلنجوںاور مسائل و مشکلات کے حل کیلئے بہتر انداز میں کر دار ادا کیا جا سکے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے عہدیدار ،ضلعی و تحصیل ممبران اور ویلج نائبین و ناظمین بھی موجود تھے۔