نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری کا کفایت شعاری کی پالیسی پرعملدرآمد

وزیراعلیٰ آفس میں تعینات151افسروں اورعملےکومتعلقہ محکموں میں واپس بھیج دیا، محکموں سےلون بیسز پر آئے113 افسروں اورعملے کی خدمات بھی متعلقہ محکموں کےسپرد،ضروریات کےپیش نظرضروری افسروں اورعملےکو رکھا گیا ہے۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 جون 2018 18:21

نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری کا کفایت شعاری کی پالیسی پرعملدرآمد
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جون 2018ء) : نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں کفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس میں تعینات 151 افسروں اور عملے کو متعلقہ محکموں میں واپس بھیج دیا گیا جبکہ مختلف محکموں سے لون بیسزپر آئے ہوئے 113 افسروں اور عملے کی خدمات بھی متعلقہ محکموں کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

ترجمان وزیراعلی آفس نے کہا کہ وزیراعلی آفس میں تعینات مجموعی طو رپر 264 افسروں اورعملے کی خدمات متعلقہ محکموں کے سپر د کی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہاکہ نگران حکومت کی سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے ضروریات کو مد نظر رکھ کروزیراعلی آفس میں صرف ضروری افسروں اور عملے کو رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس میں ضروری افسر اور عملہ سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لئے مامور رہے گا۔

دریں اثناں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا پرامن انعقاد اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں صوبائی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے انتخابی عمل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔

نگران حکومت اپنی غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے قانون کی مکمل عملداری کے لئے پرعزم اور پراعتماد ہے۔ انتظامیہ اور پولیس افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض سے بطریق احسن عہدہ برآ ہو کر انشاء اللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو لیول پلینگ فیلڈفراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آزادانہ ماحول میں انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں اور رائے دہندگان کو اپنے امیدواروں کے چناؤ کا موقع مل سکے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابات کے پرامن انعقاد سے متعلق انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرکے حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پولنگ کے دوران امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منصفانہ انتخابات پائیدار جمہوریت کی شرط اول ہیں۔ نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اخلاقی وقومی ذمہ داری نبھانے کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اپنی اخلاقی و قومی ذمہ داری کی احسن طریقے سے ادائیگی کیلئے غیرمتزلزل طریقے سے کوشاں ہیں۔ مانیٹرنگ کے موثر نظام سے انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام آئینی اقدامات بروئے کار لائیں گے جو پرامن او ر منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں تاکہ عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا پورا موقع مل سکے۔ ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے طے شدہ لائحہ عمل پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔