نگراں وزیراعظم جسٹس(ر)ناصرالملک سے آرمی چیف کی ملاقات

ملاقات میں عام انتخابات کیلئےسکیورٹی صورتحال کا جائزہ، فوج انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کوبہتربنانے کی ہرممکن کوشش کرے گی،آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی گفتگو، انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے فوج کاکردار اہم ہوگا،نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈناصرالملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 جون 2018 16:54

نگراں وزیراعظم جسٹس(ر)ناصرالملک سے آرمی چیف کی ملاقات
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جون 2018ء) : نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈناصرالملک سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال اور عام انتخابات کے انعقاد پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈناصرالملک سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سلامتی اور انتخابات کے انعقاد کیلئے سکیورٹی صورتحال پربات چیت کی گئی۔اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کودورہ کابل پراعتماد میں لیا۔آرمی چیف نے افغان صدر اور دیگراعلیٰ حکام سے ہونے والی ملاقاتوں پربھی نگراں وزیراعظم کوبریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں عام انتخابات کیلئے سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے فوج کاکردار اہم ہوگا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یقین دہانی کروائی کہ فوج انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کو ممکن بنانے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔واضح رہے ملک میں عام انتخابات 2018ء کیلئے 25جولائی کوپولنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پرتمام پولنگ اسٹیشنز میں فوج تعینات کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے فوج کی تعیناتی کی وزارت داخلہ سے درخواست کی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات میں فوج کوان کی ذمہ داریوں سے متعلق انہیں ٹریننگ بھی دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے قائدین اور انتخابی امیدواروں سمیت آراوز اور اسسٹنٹ آراوز کوبھی سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی اور جانچ پڑتال مکمل کرلی ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کوبروقت کروانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سیاسی جماعتوں نے بھی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کیلئے الیکشن کے مہم کیلئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے۔