عجمان:پولیس نے بینک صارفین کو لُوٹنے والے چار افراد دھر لئے

ملزمان شارجہ ایئرپورٹ سے آبائی مُلک فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جون 2018 16:50

عجمان:پولیس نے بینک صارفین کو لُوٹنے والے چار افراد دھر لئے
عجمان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جُون 2018ء) عجمان میں مختلف بینکوں کے صارفین کی رقم لُوٹنے کے الزام میں مطلوب چار عرب باشندوں کو شارجہ ایئرپورٹ سے وطن فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق یہ عرب باشندے بینکوں سے رقم نکلوانے والے لوگوں کی تاڑ میں رہتے اور پھر موقع پا کراُن کی رقم لُوٹ لیتے۔ عجمان پولیس کے کریمنل اور انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل احمد سعید النُعیمی نے بتایا کہ ملزمان اُن بینک صارفین کو نشانہ بناتے جو بینکوں سے کیش وصول کرنے کے بعد اُنہیں لفافے میں ڈال کر کار کی اگلی سیٹ پر رکھ لیتے تھے۔

جب صارف گاڑی کہیں پارک کر کے ادھر اُدھر جاتا تو پھر یہ ملزمان گاڑی میں سے رقم چُرا کر فرار ہو جاتے۔

(جاری ہے)

ان ملزمان کی گرفتاری ایک ایشیائی شخص کی جانب سے شکایت پر عمل میں آئی جو کہ ان کی واردات کا نشانہ بن چکا تھا۔ متاثرہ ایشیائی فرد کے مطابق اُس نے عجمان میں واقع ایک بینک سے ایک لاکھ تیس ہزار امارتی درہم نکلوا کر کار میں رکھ لئے ۔ تھوڑی دیر بعد اُس نے اپنی گاڑی ایک دُکان کے آگے پارک کی جہاں پر موجود یہ ملزمان گاڑی کا شیشہ توڑ کر اُس میں سے رقم چُرا کر رفو چکر ہو گئے۔

پولیس نے ملزمان کو اُس کار کی نشاندہی پر گرفتار کیا جسے ملزمان اپنی واردات کے دوران استعمال میں لاتے تھے۔ یہ ملزمان شارجہ ایئرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش میں تھے جب پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے انہیں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عجمان پولیس کے مطابق پولیس نے بینک صارفین کی سیفٹی اور اُن میں شعور اُجاگر کرنے کے حوالے سے بہت سی آگاہی مہم شروع کر رکھی ہیں جن کے ذریعے انہیں بتایا جاتا ہے کہ جب وہ بینک کاؤنٹر سے رقم وصول کریں یا اے ٹی ایم مشینوں سے رقم نکلوائیں تو انہیں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں۔

یہ تحریری مواد عربی‘ انگلش‘ اُردو ور چینی زبانوں میں موجود ہے اور بینک میں آنے والے صارفین اور عام افراد کو سڑکوں پر بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :