راؤ انوارپر نقیب قتل کیس میں گواہوں کو ہراساں کرنے کا الزام

راؤ انوار کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھا گیا ہے اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے،وکیل فیصل صدیقی کا موقف

پیر 25 جون 2018 16:26

راؤ انوارپر نقیب قتل کیس میں گواہوں کو ہراساں کرنے کا الزام
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق نقیب اللہ کے اہل خانہ کے وکیل نے کیس کی سماعت کے دوران بتایا کہ ملزم راؤ انوار گواہوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔سندھ ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ نقیب اللہ کے والد کے وکیل بیرسٹر فیصل صدیقی نے را ؤانوار سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راؤ انوار کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھا گیا ہے اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، ملزم اپنے گھر میں رہ کر نقیب اللہ کیس کے گواہوں پر اثرانداز ہورہا ہے اور انہیں ہراساں کررہا ہے، راؤ انوار کو گھر سے نکال کر جیل منتقل کیا جائے اور ملزمان جیسا سلوک کیا جائے۔

(جاری ہے)

را ؤانوار کے وکیل عابد ایس زبیری ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے فریقین کے وکلا کو 29 جون کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے کر سماعت ملتوی کردی۔اس موقع پر نقیب اللہ کے اہلِ خانہ نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیا اور قاتل قاتل را انوار قاتل اور را انوار کو پھانسی دو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں شریک قبائلی عمائدین نے کہا کہ نقیب اللہ کے قتل میں ملوث مفرور ملزم اور سابق پولیس افسر شعیب شوٹر و دیگر کو فوری گرفتار کیا جائے۔