عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران وزیراعظم

جو مینڈیٹ دیا گیا ہے اسے مقررہ وقت پر پورا کریں گے، نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کی الیکشن انتظامات سے متعلق اجلاس میں گفتگو

پیر 25 جون 2018 16:10

عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران وزیراعظم
؂اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 2018 اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، جو مینڈیٹ مجھے دیا گیا ہے اسے مقررہ وقت پر پورا کریں گے۔ پیر کو وزیراعظم ہا ئو س میں نگران وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت الیکشن انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چاروں نگران وزرائے اعلی، چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز)آف پولیس نے شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار رضا نے اجلاس کے شرکا کو انتخابی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے انتظامی معاملات کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔ چاروں آئی جیز نے بھی الیکشن کے حوالے سے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور ملک بھر کے حساس پولنگ اسٹیشنز سے متعلق بھی اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔الیکشن کمیشن حکام نے شرکا کو پولنگ اسٹیشنز اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر نگران وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کو مقررہ وقت پر پورا کریں گے۔