پی آئی ٹی بی کے تحت پونے چار لاکھ حج درخواست گزاروں کا اندراج مکمل، عمر سیف کی صدارت میں اجلاس

پیر 25 جون 2018 14:59

پی آئی ٹی بی کے تحت پونے چار لاکھ حج درخواست گزاروں کا اندراج مکمل، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کی صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی نے اپنے جدید مرکزی نظام کے تحت حج 2018 کے لئے تیرہ بینکوں کی 9ہزار سے زائد برانچوں کے 21ہزار آفیشلز کے ذریعے دس روز میں پونے چار لاکھ حج درخواست گزاروں کا اندراج بغیر کسی تعطل کے مکمل کر لیا ہے ۔

2013ء میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے تعاون کی درخواست کے بعد پی آئی ٹی بی نے وفاقی وزارت مذہبی امور کے لئے حاجیوں کے اندراج اور حج انتظامات کی نگرانی کا مربوط نظام بنایا تھا جس کے ذریعے ہر سال حج آپریشن اور حاجیوں کی رہائش’ سفر’ اوردوران حج درپیش مسائل اور سہولیات کو آن لائن مانیٹر کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اس سے قبل حج آپریشنز کے انتظامات روایتی طریقوں سے ہوتے تھے جنہیں پی آئی ٹی بی نے ٹیکنالوجی کے ذریعے خودکار انداز میں ترتیب دیا۔

پی آئی ٹی بی نے حال ہی میں مختلف شہروں میں حج2018ء کے لئے حج گروپ آرگنائزرز کے لئے تربیتی اجلاس بھی مکمل کئے ۔ماضی کے برعکس اب حاجی اپنے سفر‘رہائش اور سہولیات کا تمام ریکارڈ آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔ ایسا ہی ایک نظام پی آئی ٹی بی 2017ء میں نائجیریا کی حکومت کی درخواست پر بھی وضع کر چکی ہے اور نائجیریا کے عملے کو ضروری تربیت بھی فراہم کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک پیغام میں نیشنل حج کمشن آف نائجیریا کے چیئرمین عبداللہ مختار نے پنجاب آئی ٹی بورڈ اور وزرات مذہبی امور پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جدید آن لائن نظام کی بدولت نائجیریا میں حج انتظامات اور آپریشنز میں بے حد آسانی پیدا ہوئی۔