حوثی باغیوں کا ریاض پر میزائل حملہ

فضائی دفاعی نظام کے ذریعے میزائلوں کو فضامیں ہی تباہ کردیا گیا-عرب اتحادی فوج کے ترجمان کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 جون 2018 12:22

حوثی باغیوں کا ریاض پر میزائل حملہ
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 جون۔2018ء) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے حوثی باغیوں کے دارالحکومت الریاض کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردیا ہے۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو آئے دن سعودی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائل داغتے رہتے ہیں لیکن مملکت کی فضائی دفاعی فورسز انھیں ہدف پر گرنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیتی ہیں۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثیوں کی یہ جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائی اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ ایرانی رجیم نے اس مسلح گروپ کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور اس کی جنگی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔یوں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرار دادوں 2216 اور 2231 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہےاور سعودی عرب کی سلامتی کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرے کا موجب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

نشریاتی ادارے نے سعودی اتحادی ترجمان کرنل المالکی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے حوالے سے بتایا کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے یمنی شہر صدا سے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف فائر ہونے والے یلسٹک میزائل دیکھے تھے،ان میزائلوں کانشانہ ریاض کے رہائشی علاقے تھے،فضائی دفاع نے ان میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا جس کے ٹکڑے رہائشی علاقوں پر گرے تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حوثیوں باغیوں کے زیرکنٹرول ٹی وی کے مطابق ان میزائلوں کانشانہ سعودی وزارت دفاع اور دیگر اہدف تھے۔ رپورٹ کے مطابق میزائلوں نے اپنے اہداف کودرستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاض کے اوپر فضامیں 6 زوردار دھماکے سنے گئے اور بڑی واضح روشنی بھی دیکھی گئی اور دھواں بھی اٹھتے ہوئے دیکھاگیا۔عینی شاہد کے مطابق میزائل کے ٹکڑے اس علاقے میں بھی گرے جہاں زیادہ تر غیرملکی سفارتخانے ہیں اور ان کی خاندان رہائش پذیر ہیں۔

عینی شاہد نے یہ بھی بتایاہے کہ ریاض کے رہائشی علاقوں میں آگ بجھانے والے ٹرکوں کے علاوہ سخت سیکورٹی بھی دیکھی گئی جبکہ سیکیورٹی اہلکار لوگوں کو ان علاقوں میں جانے سے روکتے رہے۔یہ میزائل حملہ گذشتہ سال دسمبر سے اب تک سعودی داراحکومت پر ریاض میں ہونے والا چھٹا حملہ ہے۔