64سالہ سرکاری ملازم کے تین منٹ پہلے کھانے کے لیے اٹھنے پر اعلیٰ حکام نے عوام سے معافی مانگ لی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 24 جون 2018 23:52

64سالہ سرکاری ملازم  کے تین منٹ پہلے  کھانے کے  لیے اٹھنے پر  اعلیٰ حکام ..
جاپان کے  شہر کوبے  کے واٹر ورکس بیورو میں 64 سالہ ملازم کو کھانے کے وقت سے تین منٹ پہلے اٹھنے پر  نہ صرف جرمانہ  بلکہ سرزنش بھی کی گئی ہے۔ مذکورہ سرکاری ملازم ایک سے زیادہ بار وقت سے چند منٹ پہلے کھانے کے لیے  گیا تھا۔
کوبے واٹر ورکس بیورو میں کھانے کا وقفہ دوپہر 12 بجے سے 1 بجے تک ہوتا ہے لیکن 64سالہ ملازم چند منٹ پہلے قریبی ریسٹورنٹ سے کھانے کا باکس لینے چلا جاتا ہے۔

بدقسمتی سے ایک بار اس ملازم کے ساتھی نے اپنے دفتر کی کھڑکی سے اسے وقت سے پہلے ریسٹورنٹ کی طرف جاتے دیکھ لیا۔ اس  نے واقعے کی اطلاع منیجمنٹ کو دے دی۔واقعے کی تحقیقات ہوئیں تو پتا چلا کہ 64 سالہ شخص (جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) پچھلے 7 ماہ میں 26 بار وقت سے چند منٹ پہلےکھانے کے وقفے کے لیے اپنے ڈیسک سے اٹھ چکا ہے۔

(جاری ہے)

واٹرورکس بیورو کے لیے یہ کافی بڑی بات تھی۔

یہ اتنی بڑی بات تھی کہ بیورو نے ٹیلی وائز پریس کانفرنس  کا اہتمام کیا اور اس کے آخر میں بیورو کے منیجرز نے  عوام سے اپنے ملازم کی غلطی کی  معافی مانگی۔
منیجرز کے اپنے ملازم کی طرف سے معافی مانگنے کے واقعے پر جاپانی سوشل میڈیا پر ملا جلا رد عمل آیا ہے۔ بہت سے افراد نے 64 سالہ ملازم کی حمایت کی ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ یہ ملازم اوسطاً ہفتے میں ایک بار چند منٹ پہلے کھانے کے لیے گیا ہے، جو بڑی بات نہیں۔


ایک  صارف نے تبصرہ کیا کہ اُن سیاستدانوں  کے بارے میں کیا جو پارلیمنٹ میں سوئے رہتے ہیں؟  انہیں تو فائر کر دینا چاہیے۔  کچھ صارفین کا کہنا  تھا تین منٹ کی معافی مانگنے کے لیے اس طرح پریس کانفرنس  کا انعقاد کرنا اس سے زیادہ وقت کی بربادی ہے۔
جاپان میں چند منٹوں یا سیکنڈوں کی تاخیر یا عجلت پر معافی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ کچھ دن پہلے بھی جاپانی ریلوے کمپنی نے ریل کے 25 سیکنڈ پہلے اسٹیشن چھوڑنے پر معافی مانگی تھی۔