سرگودھا،انتخابات کیلئے دولاکھ 50 ہزار سے زائد پولیس افسران اور ملازمین 48 ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹیاں ادا کریں گے

298کو انتہائی حساس قرار، انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری

اتوار 24 جون 2018 23:50

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو صاف شفاف اور پر امن بنانے کیلئے دولاکھ 50 ہزار سے زائد پولیس افسران اور ملازمین 48 ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹیاں ادا کریں گے، ضلع سرگودھا میں 3 ہزار 800 سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں،جن میں سے 298کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس رینجرز اور افواج پاکستان کے جوان بھی اپنے فرائض ادا کریں گے،جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوںکے ارد گرد خار دار تاریں بھی لگائی جائیں گی،جبکہ آرپی او ز اور ڈی پی اوز کو پولنگ اسٹیشنوں کا خود دورہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، جبکہ انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے تمام قومی و صوبائی حلقوں میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں،ضلع سرگودھا کی298 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں جس کے مطابق پنجا ب بھر میں 48000 پولنگ اسٹیشنوں پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 63 ہزار 500 پولیس افسران ، اہلکاران پولیس کے سپیشل بھرتی کئے جانے والے اہل کار اور قومی رضاء کار انتخابات میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ ضلع سرگودھا میں قومی اسمبلی کے پانچ اور صوبائی کے 10 حلقوں کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے 3814 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 298 پولنگ اسٹیشن کو اتنہائی حساس قرار دیتے ہوئے کیٹیگری اے میں جبکہ 442 کو کیٹیگری بی میںاسی طرح 3074 کو کیٹیگری سی میں رکھاگیا ہے ،سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اردگرد خار دار تاریں لگائی جائیں گی جس پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور فوج کے جوان بھی پہرہ دیں گے، پولیس ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور محکمہ داخلہ نے اس ضمن میں اپنی تیاری مکمل کر لی ہے ، 1 لاکھ 25 ہزار سپیشل پولیس اہل کار الیکشن کیلئے بھرتی کئے جائیں گے، جو انتخابات میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے، اسی طرح 1 لاکھ 30 ہزار پولیس افسران اور اہلکاران کے علاوہ 8 ہزار 5 سو قومی رضاء کار بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے،ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قائم پولنگ اسٹیشنوں کا خود معائینہ کرکے اپنی روپورٹ بھجوائی اسی طرح امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروکار لائیں اور شہروں کے اہم چوکوں اور چوراہوں پر سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے جائیں،