Live Updates

تحریک انصاف کا حصہ ہیں، میرٹ کی بنیاد پر پارٹی سے اپنے سمیت پورے پینل کے لیے ٹکٹیں مانگ رہے ہیں، چودھری لیاقت عباس بھٹی

پارٹی نے ٹکٹیں نہ دیں تو ہم این اے 87اور پی پی 71,70,69 میں بطور آزاد اُمیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے،پی ٹی آئی رہنماء

اتوار 24 جون 2018 23:50

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) سابق رُکن قومی اسمبلی چودھری لیاقت عباس بھٹی نے کہا ہے کہ وہ آج بھی پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں لیکن وہ میرٹ کی بنیاد پر اپنی پارٹی سے اپنے سمیت پورے پینل کے لیے ٹکٹیں مانگ رہے ہیں۔ اگر پارٹی نے ٹکٹیں نہ دیں تو ہم این اے 87اور پی پی 71,70,69 میں بطور آزاد اُمیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ شہر بھر میں الیکشن سے دستبردار ہونے کی جو افواہیں گردش کر رہی ہیں ان میں ذرا بھر بھی صداقت نہیں ۔ میں ضلع میں واحد سیاست دان ہوں جو تین مرتبہ رُکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رُکن صوبائی اسمبلی رہ چکا ہوں اس لیے ٹکٹ کا حق سب سے زیادہ میرا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ این اے 87میں وہ خود اُمیدوار ہیں جبکہ پی پی 69سے اسد اللہ آرائیں، پی پی 70 سے وسیم الحسن نقوی اور پی پی71سے پیر سید شعیب شاہ نواز ہمارے پینل کے مضبوط اُمیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے میرٹ کی بنیاد پر ہمیں ٹکٹ نہ دیا تو حافظ آباد میں سب سے زیادہ مضبوط پینل آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے گا اور ضلع بھر میں کلین سویپ کرے گا۔ اُنہوں نے ضلع بھر کے ووٹرز، سپورٹرز سے کہا کہ افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے اپنی انتخابی مہم کو تیز کریں تاکہ الیکشن میں کامیاب ہو کر ٹکٹ تقسیم کرنے والوں کو کرارا جواب دیا جا سکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات