آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے حافظ آباد پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،ڈی پی او سیف اللہ خاں

اتوار 24 جون 2018 23:50

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد سیف اللہ خاںنے کہا ہے کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے حافظ آباد پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈی پی او حافظ آباد کا اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ جنرل الیکشن 2018میں حصہ لینے والے تمام امیدواران کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنا لازم ہے اور اس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف اسلحہ کی نمائش بلکہ اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر بھی سخت پابندی ہے خواہ اسلحہ لائسنسی ہو۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون فوراًً حرکت میں آئیگا۔ ڈی پی او حافظ آباد کاکہنا تھا کہ امیدواران اپنی تشہیر ضابطہ اخلاق کے مطابق ہی کرنے کے پابندہوں گے اور الیکشن کمیشن کی متعین کردہ سائز اور مقام پر ہی پینافلیکس آویزاں کیے جا سکیںگی بصورت دیگر قانون کے تحت کاروائی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اجتماعات کو مکمل سیکورٹی فراہمم کی جائیگی لیکن اس کیلئے باضابطہ طور پر پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔ ڈی پی او حافظ آباد سیف اللہ خاں کا کہنا تھا کہ حافظ آباد پولیس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا تخصیص اور بلا تفریق کاروائی کرے گی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔