مسلم لیگ(ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے سیاسی مخالفین پریشان ہو رہے ہیں ،سائرہ افضل تارڑ

(ن) لیگ بارے پراپیگنڈہ کرنے والے سیاسی مخالفین اپنے عزائم میں کبھی بھی فتح یاب نہیں ہو سکتے، انتخابی مہم میں کارکنوں سے خطاب

اتوار 24 جون 2018 23:50

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے سیاسی مخالفین پریشان ہو رہے ہیں ۔مسلم لیگ(ن) کے بارے پراپیگنڈہ کرنے والے سیاسی مخالفین اپنے عزائم میں کبھی بھی فتح یاب نہیں ہو سکتے کیونکہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے دورحکومت میں ملک میں لا تعداد ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار وہ یہاں نواحی گائوں ٹھٹھہ باماں میں مسلم لیگی انتخابی مہم میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سابق رُکن قومی اسمبلی اور اُمیدوار حلقہ پی پی 69میاں شاہد حسین بھٹی، چودھری شفقت حسین تارڑ، سرفراز احمد تارڑ، رب نواز تارڑ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 87سے مسلم لیگ(ن) کی اُمیدوارسائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے منفی سیاست کا احتساب کریں ، پاکستان میں جاری ترقی کے سفر میں رکاوٹ کا باعث بننے والے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ہیں اس لیے وہ اپنے بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

میاں برادران نے عوامی طاقت کے ذریعے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا بلکہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور ہر علاقہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا یا جو مسلم لیگ(ن) کا منفرد کارنامہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حافظ آباد ضلع کی ترقی اور فلاح وبہبود اُن کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے اور انشاء اللہ جیت کر اسی تسلسل کو برقرار رکھیںگے۔ بعد ازاں سابق وفاقی وزیر نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں خواتین کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔