اوگرانے گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ 200 فیصد اضافے کی منظوری

اتوار 24 جون 2018 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ 200 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اوگرا کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے تحت گیس کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ گھریلو صارفین کے لیے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ماہانہ 100 یونٹ تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت 110 سے بڑھا کر 314 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی جبکہ ماہانہ 200 یونٹ تک گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمت 220 سے بڑھا کر 629 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی اور ماہانہ 300 یونٹ سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمت 600 سے بڑھا کر 780 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی۔

کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں 700 سے بڑھا کر 910 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وفاقی حکومت دے گی۔وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد گیس کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔