فیصل آباد میں ڈاکوئوں کے بعد نامعلوم قاتلوں کا گروہ بھی سر گرم

فیصل آباد میں آج ایک اور نوجوان کو بیدردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا‘ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی‘ تا حال قاتلوں کا سراغ نہ مل سکا

اتوار 24 جون 2018 23:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) فیصل آباد میں ڈاکوئوں کے بعد نامعلوم قاتلوں کا گروہ بھی سر گرم‘ فیصل آباد میں آج ایک اور نوجوان کو بیدردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا‘ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی‘ تا حال قاتلوں کا سراغ نہ مل سکا‘ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر فیصل آباد کے نواحی گائوں 215ر ب نیٹھڑی میں رہائش پذیر ریاض لونا گزشتہ رات اپنے گھر سے اچانک باہر نکلا اور پھر وہ لا پتہ ہو گیا وہ اپنا مو بائل فون اور موٹر سائیکل وغیرہ گھر چھوڑ گیا جس کے بعد وہ واپس نہ آیا آج صبح راجباہ روڈ پر واقع محلہ ملک پورہ کی فصلوں سے اس کی نعش مل گئی‘ سفاک افراد نے سر میں گولی مار کر قتل کر نے کے بعد نعش پھینک دی اور فرار ہو گئے‘ مقتول کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ اپنے گائوں کا سرمایہ دار نوجوان تھا جس نے بیوہ خاتون سے شادی کر رکھی تھی ‘ پولیس مختلف زاویوں سے مصروف تفتیش ہے ۔