پیپلزپارٹی کے حلقہ پی ایس 66 کے امیدوار عاجز دھامرہ اور این اے 227 سے امیدوار عرفان گل مگسی نے اپنے حلقہ انتخاب میں ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کر دیا

اتوار 24 جون 2018 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات و امیدوار حلقہ پی ایس 66 عاجز دھامرہ اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 227 سے امیدوار ڈاکٹر عرفان گل مگسی نے اپنے حلقہ انتخاب میں ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت انہوں نے پکا قلعہ میں علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے اور کامیاب کرنے کی درخواست کی، ان انتخابی امیدواروں نے سابق راحت سینیما اور موجودہ ثمن کمپلیکس کی الیکٹرانک مارکیٹ کے صدر، موٹر سائیکل ایسوسی ایشن کے صدر، کھوکھر محلہ کے معززین و علاقہ مکینوں و دکانداروں سے فردن فردن ملاقاتیں بھی کیں اور علاقے میں آنے والی درگاہوں پر حاضری بھی دی، بعدازاں ہائیکورٹ بار حیدرآبادکے رکن عرفان کلہوڑو ایڈوکیٹ کی طرف سے ایک کارنر میٹنگ میں شرکت کی، اس موقع پر اہل علاقہ نے پیپلزپارٹی کی جانب سے اندرون شہر میں بھر پور انتخابی مہم چلانے اور اندرون شہر کی عوام کو اعتماد میں لینے ان کے مسائل معلوم کرنے اور انکے حل کی یقین دہانی کرانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 66 کے امیدوار عاجز دھامرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز حیدرآباد کے قدیم ترین اور سندھ کے عظیم ثقافتی ورثے پکا قلعہ سے شروع کیا ہے تاکہ آپ کو آپ کی محرومیوں کے ازالے کا یقین دلا سکیں ہم حیدرآباد شہر اور اسکی عوام سے نہ صرف محبت کرتے ھیں بلکہ ان کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے خواہاں ھیں ھم اور آپ سب مل کر حیدرآباد کی رونقیں بحال کریں گی, ھمارے پاس ترقی اور خوشحالی, امن اور سلامتی کا ایجنڈا ہے جبکہ ہمارے مخالفین کے پاس سوائے نفرتوں شرانگیزی جھوٹ منافقت پھیلانے کے کچھ بھی نہیں ہے، 25 جولائی کے انتخابات ان شاء اللہ اس منفی اور شرانگیز سیاست کا خاتمہ ثابت ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 227 سے امیدوار ڈاکٹر عرفان گل مگسی نے کہا کہ ہم نے اپنی جماعت سے درخواست کی کہ ھمیں ان حلقوں سے انتخابات لڑنے کا ٹکٹ دیا جائے جہاں سے پیپلزپارٹی کبھی نہیں جیتی تاکہ اس بار ھم اللہ کی مدد اور حیدرآباد کی عوام کے تعاون سے تاریخ کو بدل سکیں اور کامیابی کی ایک نئی تاریخ رقم کرسکیں تاکہ ھم اور آپ مل کر شہر کے مسائل اور مشکلات کو حل کرسکیں کیونکہ جن کے پاس پچھلی چار دہائیوں سے شہر کا مینڈیٹ رھا ھے انہوں حیدرآباد کی عوام کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے اطلاعات سیکریٹری احسان ابڑو، پی ایس 66 کے صدر پاشا قاضی، نصیر سلاوٹ اور دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔

دریں اثناء پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی نے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 67 میں یونین کونسل 51, 52 اور 40 کا دورا کیا اور گھر گھر گلی گلی جاکر عوام سے پیپلزپارٹی کی کامیابی کی درخواست کی، مختلف جگہوں پر جمع ہونے والے اہل علاقہ اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صغیر احمد قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس میں ہر رنگ نسل ہر مذہب و فرقے ہر زبان بولنے والے کو برابر کے حقوق حاصل ھیں میں حیدرآباد شہر کا بیٹا ھوں, میں آپ سے اور آپ مجھ سے بخوبی آگاہ ہیں ھم سب کا مقصد ایک ھے اور وہ ھے اپنے خوبصورت اور معطر و خوشگوار ھوائوں کے شہر حیدرآباد کی تعمیر و ترقی خوبصورتی و خوشحالی ان شاء اللہ 25 جولائی کو پیپلزپارٹی کو کامیاب کر کے ھم تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے ھم اپنی ماضی کی کوتاہیوں اور خامیوں کا ازالہ شہر کی عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کر کے کریں گے۔