چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس

پارٹی کی انتخابی حکمت عملی،پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر ناراض اورباغی رہنمائوں کومنانے کے علاوہ سیاسی مخالفین کے انتخابات پراثراندازہونے کے حربوں کا جائزہ لیا گیا

اتوار 24 جون 2018 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس بلاول ہائوس کراچی میں ہوا جس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی،پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر ناراض اورباغی رہنمائوں کومنانے کے علاوہ سیاسی مخالفین کے انتخابات پراثراندازہونے کے حربوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انتخابات سے قبل مقبولیت سے متعلق بعض فرضی سروے کی اشاعت جیسی خلاف ورزی کی کوششوں کا نوٹس لیا گیا۔ اجلاس میں فریال تالپور، قائم علی شاہ، مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور مصطفی نواز کھوکھر دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں انتخابات میں ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیئے انتخابی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا اورانتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیئے جاری جوڑ توڑ اورسیاسی مخالفین کے پروپیگینڈے کے ازالے کے لیے تجاویز تیارکی گئیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بتایا گیا مخالفین کے بڑے پیمانے پر پروپیگنڈے اور مخالفین کے دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود پارٹی کی پوزیشن ملک بھرمیں مضبوط ہیچاروں صوبوں سمیت قبائلی علاقوں کے ووٹرزکی حمایت پارٹی کو حاصل ہے۔ اجلاس میں قبل از انتخابات دھاندھلی کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں کے خلاف شدید مزاحمت کرے گی اورمخالفین کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑا جائے گا۔