کہ پی ٹی آئی چلے ہوئے کارتوس سے کیسے تبدیلی لائے گی،اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو عوام خوشحال ہو گی،شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 24 جون 2018 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چلے ہوئے کارتوس سے کیسے تبدیلی لائے گی۔اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو عوام خوشحال ہو گی۔ ہم پاکستان میں قرآن کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ناچ گانے اور بے حیائی والے کلچر کی حوصلہ شکنی بہت ضروری ہے۔

ایم ایم اے کے امیدوار تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور دیانتدار ہیں۔ ووٹرز نے میرٹ پر ووٹ دیئے تو ایم ایم اے کے امیدوار جیتیں گے۔ کارکنان نظام مصطفے کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے دن رات ایک کر دیں۔ ہم دین کی سربلندی، پاکستان کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لئے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیت رضوان میں جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ قوم ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر نظریہ کی بنیاد پر ووٹ دینے کی روش اختیار کرے۔ ووٹ کا غلط استعمال گناہ ہے۔ ایم ایم اے کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے اسلام مخالف قوتیں خائف ہیں۔ الیکشن میں جھرلو نہیں پھرنے دیں گے۔ہمارا سیاسی ایجنڈا ذاتی نہیں آفاقی ہے۔ ہمارے ہاتھوں میں اسلام کا جھنڈا اور دلوں میں پیغمبر اسلام کی محبت ہے۔ ایمان اور قرآن کی طاقت سے الیکشن جیتیں گے۔ ہمارا بھروسہ خلائی مخلوق پر نہیں اللہ اور اس کے پیارے رسول پر ہے۔