پی ٹی آئی ایک پاکستان کا نعرہ لگا رہی ہے اور پارٹی ٹکٹ امیروں اور سرمایہ داروں میں تقسیم کئے، آفتاب شیر پائو

ہم نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر کی ہے اور اہل امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے ،فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد مرکزی حکومت کوان علاقوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے،چیئرمین قومی وطن پارٹی کااجتماع سے خطاب

اتوار 24 جون 2018 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ غریب اور امیر کا ایک ہی پاکستان ہو یہ نہ کہ نئے پاکستان کے نام پر امیرکیلئے الگ پاکستان اور غریب کیلئے الگ اور امیر کو پارٹی ٹکٹ ملے اورغریب کو محروم رکھا جائے ۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پاکستان کا نعرہ لگا رہی ہے اور پارٹی ٹکٹ امیروں اور سرمایہ داروں میں تقسیم کئے جس سے ان کا دوغلا پن عیاں ہو چکا ہے اوراس تفریق نے نہ صرف عوام بلکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں میں بھی مایوسیوں کو تقویت دی ۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر کی ہے اور اہل امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے تاکہ صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل زیم اور شیرپائو کے پارٹی کارکنوں کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی شروع دن سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی فلاح اور بہتری کیلئے برسرپیکار ہے اور چاہتی ہے کہ امیر اور غریب کا فرق ختم کرکے ان کی معیار زندگی کو یکساں بنائے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پر پہلے بھی عوام کا اعتماد رہا اور وہ آنے والے انتخابات میں بھی ووٹ کے ذریعے ہم پر اپنا اعتماد برقرار رکھیں گے۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کامشکل وقت میں ساتھ دیا اور یہی وجہ ہے کہ پختونوں نے بھی ہر گھڑی میں قومی وطن پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور یہ جولی دامن کا ساتھ ہمیشہ برقرار رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں نے بے تحاشہ مسائل اور مصیبتوں کا سامنا کیا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہاں پر جب بھی کسی سیاسی جماعت کی حکومت آئی تو انھوں نے اپنے ذاتی مفادات کو سامنے رکھا اور ان کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد پختون قوم ملک کی ایک بہت بڑی آبادی بن چکی ہے اور قومی وطن پارٹی کا یہ فریضہ ہے کہ وہ پہلے کی طرح ان کو متحد کرنے کیلئے کوششیں کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد مرکزی حکومت کوان علاقوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ یہاں کے عوام کی مایوسیاں اور محرومیاں دور کی جا سکیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختون علاقوں میں جاری بے تحاشہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔انھوں نے کہا کہ سابقہ مرکزی حکومت یہ دعوے کرتی رہی کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے میں بے تحاشہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل اسلام آباد میں بیٹھے لوگ نہیں سمجھتے اور نہ ہی اس کو حل کی اہلیت رکھتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نہ صرف پختونوں کے مسائل و مشکلات سے آگاہ ہے بلکہ ہر سطح پر اس کے حل کیلئے آواز بلند کر رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم کی خدمت مشن ہے اور اگر اس کیلئے خون کی ضرورت بھی پڑی تو دینے سے دریغ نہیں کیا جا ئے گا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور وہ ان کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔