ْشفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہیں، شہباز شریف

اتوار 24 جون 2018 20:20

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت لائرز فورم کے صدر نصیر بھٹہ نے کی جبکہ اس موقع پر سنٹرل میڈیا کمیٹی کے صدر سید مشاہد حسین بھی موجود تھے۔

پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف انشاء اللہ جلد وطن واپس آ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ الیکشن بروقت ہونا انتہائی ضروری ہیں۔اس الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ کس پارٹی نے خدمت کی اور کس نے ڈھونگ رچائے۔25جولائی کو ایک طرف ہماری کارکردگی ہوگی تو دوسری طرف کھوکھلے وعدے ہوں گے۔

(جاری ہے)

عوام کارکردگی کے مقابلے میں کھوکھلے وعدوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیں گے اورخدمت کرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی دو بڑے مسائل تھے جو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حل کر دیئے ہیں۔بجلی کے کئی نئے منصوبے لگ چکے ہیںجن سے ملک لوڈ شیڈنگ کا بحران ختم ہو چکا ہے۔ شدید ترین گرمی میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی اورآج نگران حکومت کے دور میں بھی لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں عوام، فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کو شکست دی۔

آج دہشت گردی کی کمر ٹوٹنے سے پورے ملک میں امن بھی قائم ہو چکا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ اللہ نے موقع دیا تو انشاء اللہ اگلے 5 برس میں پاکستان کو قائد اعظم ؒاور علامہ اقبال ؒ کا پاکستان بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔ ملک کے طول و عرض میں عوام کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کریں گے۔

اگلے پانچ برس میں ہماری پہلی ترجیح بھاشا ڈیم کی تعمیر ہو گی۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جلد صحتیاب فرمائے اورور میاں نوازشریف، بیگم کلثوم اور مریم نواز جلد وطن واپس آ کر عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا سکیں۔