زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

اتوار 24 جون 2018 20:20

فیصل آباد۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقادمرکزی کیمپس سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں ہوا۔ کنونیئر ایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے مطابق پہلے انٹری ٹیسٹ میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے طول و عرض سے ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کو ان کے نتائج آئندہ چار روز میں ان کے ای میل ایڈریس پر بھیجنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی ویب سائٹ پر بھی اًپ لوڈ کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ پہلے مرحلے کے بعد جولائی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کیلئے بھی رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کرے گی جس کیلئے اُمیدوار خود کو یونیورسٹی ویب سائٹ سے منسلک رکھیں۔

(جاری ہے)

انٹری ٹیسٹ کی انتظامی کمیٹی میں کنونیئر ڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے ساتھ ساتھ رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ ناظم اعلیٰ تعلیمات ڈاکٹر حق نواز‘ ناظم امتحانات ڈاکٹر عبدالواحد‘ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف اورڈائریکٹر ایڈمیشن طارق گل شامل ہیں۔ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ گزشتہ ایک دہائی سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی طرف سے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کے مثالی انتظامات کرتی آ رہی ہے جبکہ انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ کیلئے بھی انٹری ٹیسٹ اسی کی زیرنگرانی منعقد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی میں دوسرے ا انٹری ٹیسٹ کیلئے ایسے اُمیدوار جو انٹرمیڈیٹ سال اول میں کامیابی کے بعد سال دوم میں زیرتعلیم ہیں یا انٹرمیڈیٹ کا امتحان مطلوبہ نمبروں کے ساتھ پاس کر چکے ہیں‘انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہونگے۔ اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن (ڈی وی ایم)‘ فارم ڈی اور انجینئرنگ فیکلٹی کے ڈگری پروگرامز میں داخلہ کیلئے انٹری ٹیسٹ میں کم سے کم 50نمبردرکار ہونگے جبکہ دیگر ڈگری پروگرامز میں میٹرک‘ انٹرمیڈیٹ (پارٹ اول) اور انٹری ٹیسٹ میں حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر داخلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون) کی بنیاد پر کیا جانیوالا عارضی داخلہ اسی صورت میں حتمی تصور ہوگا جب اُمیدوار انٹرمیڈیٹ (سال دوم ) یا مساوی امتحان میں بھی کم سے کم درکار اہلیت پر پورا اترتا ہوگا۔