حیدرآبادعاشقان مصطفیٰ ﷺ کا شہر ہے یہاں سے نظام مصطفیٰ ﷺ کے متوالے ہی کامیاب ہونگے، صاحبزادہ زبیر

پارلیمنٹ میں جا کر ختم نبوت وناموس رسالت ﷺکے قوانین کا تحفظ اور نظام مصطفیٰ ﷺ کو عملی طور پر اقتدار میں لانے کی جدوجہد کریں گے

اتوار 24 جون 2018 19:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حیدرآبادعاشقان مصطفیٰ ﷺ کا شہر ہے یہاں سے نظام مصطفیٰ ﷺ کے متوالے ہی کامیاب ہونگے اور پارلیمنٹ میں جا کر ختم نبوت وناموس رسالت ﷺکے قوانین کا تحفظ اور نظام مصطفیٰ ﷺ کو عملی طور پر اقتدار میں لانے کی جدوجہد کریں گے۔

مارکیٹ میانی روڈ پر جے یو پی کی عوامی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ قوم سیکولر اور لبرل جماعتوں کو آزماچکی ہے عصبیت کے بادل چھٹ گئے ہیں گزشتہ 30سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیاقوم کو تقسیم کرنے کی ہر ساز ش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے حیدرآباد کے شہری دامن مصطفیٰ ﷺ سے وابستگی کو مضبوط کرتے ہوئے 25جولائی کو چابی پر مہر لگا کر ثابت کردیں کہ نبیﷺ کی ناموس پر ووٹ تو کیا سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عید ملن سے پی ایس67کے امیدوار ناظم علی آرائیں پی ایس 66کے امیدوار محمد رضوان شیخ ،جے یو پی کرمرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد یونس دانش ،قاری محمد شریف نقشبندی ،محمد ارشاد نقشبندی،حافظ محمد رضوان قاضی محمد سلیمان حافظ محمد اشفاق نے بھی خطاب کیا۔