مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے لیے درخواست ہی نہیں دی تھی،جمہوریت کے لیے لڑتا رہوں گا،جاوید ہاشمی

اتوار 24 جون 2018 19:20

ملتان۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں نے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے لیے درخواست ہی نہیں دی تھی۔ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر رفیق رجوانہ کے بیٹے اور طارق رشید کی ٹکٹ کے لیے میں نے خود اجازت دی۔انہوںنے کہاکہ پانچ سال کے دوران این اے 155کے ہر گھر گیا۔

جاوید ہاشمی نے کہاکہ میرا مسلم لیگ ن سے تین دہائیوں کا تعلق ہے ۔ دسمبر میں محمد نواز شریف سے پہلی ملاقات ہوئی تھی، انہوںنے کہا ہم کوئی امیدوار آپ کے مقابلے میں نہیں لائیں گے، میں آپ کے لیے خود ا ٓکر ووٹ مانگوں گا،میں ان کو ہاں نہیں کی تھی کیونکہ میرے لیے زیادہ ضروری تھا کہ وہ مجھے مسلم لیگ میں شمولیت کی دعوت دیں۔

(جاری ہے)

میرا تین نسلوں کا رشتہ ہے مسلم لیگ سے جس کی میں بحالی چاہتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اگر وہ کہتے کہ شاہ محمود یا یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں الیکشن لڑوتو میں تیارہوجاتا۔جاوید ہاشمی نے کہاکہ میں نے چھ ماہ پہلے کہہ دیا تھا کہ میں امیدوارنہیں ہوں۔حلقہ این اے 158تبدیل ہوگیا،مخدوم رشید شجاع آباد میں شامل ہوگیا،میں اپنے حلقے سے کبھی الیکشن نہیں ہارا۔مسلم لیگ(ن) پربڑا کڑا وقت گزارا ہے۔میں محمدنواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔