تفصیلی خبر

شمالی وزیرستان کے علاقے گریاز کے مغرب میں پاک فوج کا سپاہی نیاز علی دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا، آئی ایس پی آر

اتوار 24 جون 2018 19:20

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) شمالی وزیرستان کے علاقے گریاز کے مغرب میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل میں مصروف پاک فوج کا سپاہی نیاز علی اتوار کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی نیاز علی کی شہادت کے علاوہ پاک فوج کا ایک کمشنڈ آفیسر بھی زخمی ہوا ہے۔

29 سالہ سپاہی نیاز علی شادی شدہ اور ضلع مردان کا رہائشی تھا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کودہشتگردوں سے محفوظ بنانے کے عمل میں دھرتی کے ایک اور بیٹے نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ سے سپاہی نیاز علی نے جام شہادت نوش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انشاء اللہ پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے باڑ لگانے کا کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے اس حوالے سے افغانستان کا تعاون ضروری ہے۔