570ملین روپے کی لاگت سے راولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن شروع

اتوار 24 جون 2018 19:20

راولپنڈی 24مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) 570ملین روپے کی لاگت سے راولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن شروع کر دی گئی ۔ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ کنٹونمنٹ بورڈ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لیے 570ملین روپے کی رقم راولپنڈی کینٹ بورڈ کو ملنے کے بعد اپ گریڈیشن کاکام شروع کر دیا گیاہے ۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی ا پ گریڈیشن کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دی گئی بریفنگ میں بتایاگیا تھا کہ راولپنڈی کینٹ کے رہائشیوں کوراولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ،بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہسپتال میں جدید ترین مشینری کی تنصیب اور ہسپتال کی تزئین و آرائش کا منصوبہ ہے جبکہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی شامل تھا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر کینٹ ارسلان حیدر نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کینٹ بورڈ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی بہم رسانی خصوصاً نادار اور مستحق افراد کی صحت و تندرستی کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کو 500بستروں کامکمل ہسپتال بنایاجائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ یہ ہسپتال 1989میں نئی عمارت میں منتقل کیا گیاتھا تاھم اب اس میں نئے بیڈز کی گنجائش کے لیے اس کی ازسرنو تعمیر کی ضرورت تھی ۔

انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال میں کینٹ ہسپتال کے ڈھانچے کی بہتری ،سیوریج لائنز اور لفٹوں کی تنصیب کے لیے 180ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں ۔اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی گائنی وارڈز کی بہتری اور ہسپتال میں ایم آر آئی و سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب کی جائے گی جبکہ آر سی جنرل ہسپتال کے 14شعبوں بشمول ناک ،کان گلا ،گائنی ،کارڈیالوجی اور ایمرجنسی سمیت دیگر شعبہ جات کو فعال کیا جائے گا اور اس منصوبے کے تحت ہسپتال کے طبی فضلے کے برقی انسداد کی مشین کی تنصیب بھی شامل ہے ۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے منی ڈسپنسری کے طور پر دو ایمبولینسیں خریدے گا جبکہ 5عمومی ایمبولینسیں بھی خریدی جائیں گی ۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کو چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں قائم کیے جانے والے راحیل شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ساتھ بطور ٹیچنگ ہسپتال بھی منسلک کیا جائے گا ۔