موٹروے پولیس نے قادرپور کے قر یب 13سالہ بچی کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی ،ایک شخص گر فتار

اتوار 24 جون 2018 17:40

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) نیشنل ہائی اینڈ موٹرویز پولیس سنٹرل ژون نے قومی شاہراہ پر قادرپور رواں کے قر یب 13سالہ بچی کے اغواء کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گر فتار کر لیا ۔ موٹروے پولیس سنٹرل زون کے افسران منیر احمد اور جعفر حسین قادرپور رواں کے قر یب روٹین پٹرولنگ ڈیوٹی پر موجودتھے ۔ انہوں نے ایک رکشے کو انتہائی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے چلاتے ہوئے دیکھ کر اس کو روکنے کا اشارہ کیا جس پر ڈرائیور نے رکنے کی بجائے اس کی رفتار تیز کر دی ۔

پولیس افسران نے رکشے کا تعاقب کیا اور اسی دوران رکشے پر سوار ایک لڑکی نے مدد کے لیے چلانا شروع کر دیا ۔ پولیس افسران نے کامیابی کے ساتھ رکشے کا تعاقب کر کے ڈرائیور کو پکڑ لیا۔ رکشے میں سوار 13سالہ لڑ کی سدرہ سکنہ ملتان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے باپ کے ساتھ ملتان میٹرو ٹر ین میں سفر کر رہی تھی کہ اس کا باپ چوک کمہاراں پر دوران سفر اتر گیا جبکہ اسکو اندازہ نہ ہو سکا جس کی بنا پر وہ وہاڑی چوک پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

اس نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور نے مجھے پریشان دیکھ کر پوچھا تو میں نے اسکو تمام معاملے کا بتایااس شخص نے کہا کہ وہ اس کو اسکے گھر پہنچا دے گا لیکن یہ مجھے یہاں پر لے آیا۔ موٹروے پولیس افسران نے لڑکی کے گھر والوں سے رابطہ کر ان کی بچی کی بازیابی سے متعلق بتا یا جبکہ رکشہ ڈرائیور عباس ولد نذیر سکنہ ملتان کو مزید تفتیش کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا ۔ موٹروے پولیس نے لڑکی کو گواہان کی موجودگی میں والدین کے حوالے کر دیا۔