ضلع ہنگو میں ترقیاتی کاموں میں کمیشن کی داستانیں رقم ہوئیں‘مولانا ظفر رحمان

اہل سنت والجماعت نے ہنگو کے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے لئے عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے

اتوار 24 جون 2018 15:00

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) 35سال سے قومی سطح پرجن امیدواروں کو سپورٹ کیا وہ منتخب ہو کر ذاتی مفادات کے لئے کام کرتے رہے۔ضلع ہنگو میں ترقیاتی کاموں میں کمیشن کی داستانیں رقم ہوئیں۔ اہل سنت والجماعت نے ہنگو کے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے لئے عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔حکومتی ادارے ہنگو کے وسیع تر مفاد میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

اسمبلیوں میں گونگے لوگوں کو بھیجنے کا خمیازہ بھگت چکے۔ ان خیالات کا اظہار اہل سنت والجماعت ضلع ہنگو کے ضلعی صدر و پی کی83سے صوبائی امیدوار مولانا ظفر رحمان اور این ای33سے قومی اسمبلی کے امیدوار مفتی عمران نے ضلع ہنگو کے صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حافظ غفران و دیگر مشران بھی موجود تھے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا ظفر رحمان ،مفتی عمران نے کہا کہ 35سالوں سے اہل سنت والجماعت نے قومی سطح پر مخصوص لوگوں کو سپورٹ کیا مگر کامیابی کے بعد ممبران نے ہنگو کے حقوق کے تحفظ اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے سے اجتناب کیااور خود کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ گیس ،تعلیم،آبنوشی اور بجلی ہمارا سیاسی منشور ہے اور کامیاب ہو کر اپنے منشور پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

مولانا ظفر رحمان نے کہا کہ ہنگو کے ترقیاتی منصوبے سات سات جگہوں پر فروخت ہوئے۔کمیشن کی داستانیں رقم ہوئیں یوں کروڑوں روپے کی حامل سکیموں سے کسی ایک شخص کو بھی فائدہ نہیں پہنچا۔انہوں نے کہا کہ بے زبان ممبران کو ضلع ہنگو سے اہل سنت والجماعت کے امیدواروں کی کامیابی ترقی و خوشحالی لیکر آئیگی اور ہم اسمبلیوں میں ہنگو کے عوام کے حقوق کی جدو جہد کریں گے اور آواز اٹھائیں گے۔