حکومت آزادکشمیر اور ضلعی انتظامیہ کے ہوائی اعلانات نان کسٹم اور چوری شدہ گاڑیوں پر پابندی کے تمام احکامات کھوہ کھاتے

اتوار 24 جون 2018 14:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) حکومت آزادکشمیر اور ضلعی انتظامیہ کے ہوائی اعلانات نان کسٹم اور چوری شدہ گاڑیوں پر پابندی کے تمام احکامات کھوہ کھاتے ، مظفرآباد اور وادی نیلم سے پابندی کے باوجود قبضہ مافیا نے صوبیداری لے کر گرمیوں کے سیزن میں اپنی گاڑیاں استعمال کرکے یومیہ ہزاروں روپے کرایہ وصول کررہے ہیں جبکہ گاڑیوں کو روکنے میں ایڈمنسٹریشن مکمل طور پر ناکام ہوکر رہ گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایک طرف حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نان کسٹم اور چوری شدہ گاڑیوں کو فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں وہاں گاڑیوں کے مالکان نے اپنا اثر رسوخ استعمال کرکے پابندی کے باوجود مظفرآباد اور وادی نیلم سے مجسٹریٹ کے ذریعے اپنی گاڑیاں صوبیداری پر حاصل کرکے بلاخوف ٹوریسٹوں کے ساتھ لگا رکھی ہیں جس کی وجہ سے یومیہ ہزاروں روپے کرائے کے نام پر وصول کرکے ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پابندی کے احکامات کی کھلی دھجیاں بکھیر دی ہیں،تھانہ سٹی ،تھانہ صدر اور سول سیکرٹریٹ کی حدود میں بڑے بڑے شو رومز اور گھروں میں یہ گاڑیاں کھڑی کرکے موبائل پر ٹوریسٹوں سے معاملات طے کئے جاتے ہیں جو کہ ضلعی انتظامیہ کی بے بسی کا منہ بولتاثبوت ہے ، یا تو وہ پابندی اٹھا کر نان کسٹم گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دیں یا پھر مکمل پابندی لگائیں۔