قومی رہنما انتخابی ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے اشتعال نگیز بیانات سے اجتناب کریں

پر امن ماحول سے ہی شفا ف اور منصفانہ انتخابات کو ممکن بنایا جا سکتا ہے‘خاکسار رہنما نثار خان

اتوار 24 جون 2018 14:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) خاکسار تحریک پاکستان کے نائب امیر محمد نثار خا ن نے کہا ہے کہ قومی رہنما انتخابی جلسوں اور عوامی اجتماعات میں اپنے حامیوں کو جوش و جذبہ سے سرشار کرنے کی کوشش میںایسے بیانات و تقاریر سے اجتناب کریںجن سے ان کی حریفوں کے خلاف نفرت اور اشتعال پیدا ہواور جو تصادم کا باعث بنے اور امن عامہ کا مسلہ پیدا ہو -- وہ راولپنڈی میں خاکساروں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے -اس موقع پرسالار ضلع اے کے شیخ ، سالار شہر محمد سلیم ، سالار ادارہ یاور صدیقی، آغا جاوید صدیقی ،ممتاز خان، عبید ملک، ثناء اللہ اختر جاوید بٹ ، راجہ ناہید،منیرالدین بھٹی ،دانش صدیقی،پذیر احمد،، خالد محمود ، عامر میر ، صلاح الدین زبیری ، احتشام و عائشہ احتشام و دیگرخاکساررہنما بھی موجودتھے -نثار خان نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے عوام الناس عوام انتخابات کے بر وقت انعقاد پر مطمعن ہیںاور پاکستان میں جمہوری نظام کے مستحکم ہونے کے لیے بھی پر امید ہیں-انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو اپنی انتخابی مہموں میں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہیے کہ عوام سیاسی طور پر با شعور اور معاصر حالات سے خود کو با خبر رکھتے ہیں اور محض طفل تسلیوں ، جھوٹے وعدوں یا کھوکھلے نعروں سے گمراہ کر کے ان کی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی -انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں سیاست دانوں کو قوم کے سامنے ملک کی ترقی اور عوام الناس کے بہبود کے لیے ٹھوس پروگرام پیش کرنے ہونگے نیز الیکشن حکام کے ساتھ انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پر تعاون و معاونت کرنا بھی ان کے اپنے مفاد میں ہے -