Live Updates

25جولائی کو عمران خان کی کرپشن کیخلاف اوردو نہیں ایک پاکستان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی‘ جمشید چیمہ

کارکردگی کی بنیاد پر سر خرو ہونے کے خواب دیکھنے والے پہلے تین دہائیوں کا حساب دیں ‘ این اے 127میں کارنر میٹنگز سے خطاب

اتوار 24 جون 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر، این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کارکردگی کی بنیاد پر سر خرو ہونے کے خواب دیکھنے والے پہلے گزشتہ تین دہائیوں کا حساب دینے کی تیاری کریں ،نام نہاد خادم اعلیٰ نے تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی بجائے صرف اپنی اناء کی تسکین کے منصوبے شروع کئے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز اورانتخابی دفاتر کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ویمن ونگ کی ممبر ایگزیکٹو کونسل مسرت جمشید چیمہ ، ممتاز جعفری،اشرف ایڈووکیٹ،خلیل جٹ ،ملک تنویر، رانا نادر علی ،ملک ایاز، ملک عمران، شاہد بٹ، حافظ شاہد اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے ادوار میں عوام اور ملک کی حالت بدلنے کی بجائے صرف اپنی اور اپنے حواریوں کی حالت زار بدلنے پر توجہ دی اور یہی وجہ ہے کہ آج غریب طبقہ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پانامہ لیگ کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،ان کے امیدوار پی ٹی آئی کے مقابلے میں آنے کیلئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ 25جولائی کو عمران خان کی کرپشن کے خلاف اور دو نہیں ایک پاکستان کی لازوال جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور ملک میں حقیقی معنوں میں عوام کو ان کا حق حکمرانی ملے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حلقہ این اے 127کے ووٹرز اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں گے اور کارکردگی کے دعویداروں سے گزشتہ تین دہائیوں کا حساب لیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات