کالج اساتذہ کی ترقی کیلئے تین ہفتے کی لازمی ٹریننگ آج سے شروع ہوگی

19ہزار کالج اساتذہ کو مرحلہ وار ٹریننگ دی جائے گی،غیر حاضری پر کارروائی ہوگی،احسان بھٹہ

اتوار 24 جون 2018 13:40

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) کالج اساتذہ کی ترقی کیلئے تین ہفتے کی ٹریننگ قائد اعظم اکیڈمی فارایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں آج 25جون بروزپیر سے شروع ہوگی،19ہزار کالج اساتذہ کو مرحلہ وار ٹریننگ دی جائیگی،کالجز اساتذہ کیلئے ٹریننگ لازمی ہوگی اور محکمانہ پرموشن سے بھی مشروط کردی گئی ہے،ٹریننگ میں شرکت نہ کرنیوالوں کو ترقی بھی نہیں ملے گی جبکہ غیر حاضری پر سخت کارروائی کی جائیگی۔

سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب احسان بھٹہ نے اے پی پی کوبتایا کہ پہلے فیز میں 35بوائر کالجز کے لیکچررزاور 35گرلز کالجز کی لیکچررز سمیت 70اساتذہ کو ٹریننگ کیلئے بلایا گیا ہے،تین ہفتے کی لازمی ٹریننگ میں ملکی وغیر ملکی سینئر پروفیسرز سمیت ماہرین لیکچرزدیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری کالجز کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کیلئے مردوخواتین اساتذہ کو انٹرنیشنل سطح کی ٹریننگ دی جائیگی نیزٹریننگ پروگرام فکیلٹی پیڈاگوجی سکل پروگرام کا حصہ ہے جس کے قیام کا مقصد جامعات اور کالجز کے اساتذہ و سٹاف کی تربیت اور ان کے استعداد کو بڑھانا ہے تاکہ ان کے اندر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی نکھارا جائے اور تعلیمی نظام کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

احسان بھٹہ نے بتایا کہ تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے ایچ ای ڈی نے جامع منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت قائد اعظم اکیڈمی فارایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں کل 19ہزار کالج اساتذہ کو مرحلہ وار ٹریننگ دی جائے گی علاوہ ازیں فکیلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی میں اعلی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور انتظامی عملہ کو مختلف تربیتی کورسز کروائے جائیں گے۔انہوںنے بتایا کہ ٹریننگ صبح 8بجے شروع ہوگی اور شام 4بجے ختم ہوگی،ٹریننگ سے پہلے ایجوکیشنل اکیڈمی میں روزانہ کی بنیاد پراساتذہ کی حاضری بھی لگائی جائیگی۔انہوںنے بتایا کہ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں سے آنیوالے بوائر وگرلز کالجز اساتذہ کیلئے ہوسٹل کی سہولت بھی موجود ہے۔