مقبوضہ کشمیر:مسلم لیگ کا مسرت عالم بٹ کی مسلسل نظربندی پر اظہار تشویش

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نظربند رہنماکی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں

اتوار 24 جون 2018 12:52

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر مسلم لیگ نے اپنے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض حکام مسرت عالم بٹ کی نظربندی کو طول دے رہے ہیں جس سے ان کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔

انہو ںنے کہاکہ مسلم لیگ کے چیئرمین کو ایک کیس کی سماعت کے سلسلے میں کوٹ بھلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیاتھا اورانہیںایڈیشنل اینڈ سیشنز جج کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ جج نے استغاثہ کو 4جولائی 2018ء کو گواہوں کو پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ ترجمان نے کہاکہ استغاثہ نے عدالت کی گزشتہ ہدایات کے مطابق گواہوں کو پیش نہیں کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد مسرت عالم کو دوبارہ کوت بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کے چیئرمین کو جھوٹے کیسز میں پھنساکر مسلسل جیل میں رکھا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عدالتی احکامات کا احترام کرنے کے بجائے قابض حکام نظربند رہنما کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے تمام اصول و ضوابط کونظرانداز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسرت عالم کو ایک پولیس سٹیشن سے دوسرے پولیس سٹیشن منتقل کرنے کی بھارتی پالیسی ان کے عزم وحوصلے کو نہیں توڑ سکتی ۔ ترجمان نے ریڈ کراس اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔