مقبوضہ کشمیر‘ شوپیان میں بھارتی فورسز کی احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ، 13افراد زخمی

حاجن میں بھارتی فورسز کے محاصرے اور تلاشی کارروائی کے خلاف لوگوں کااحتجاجی مظاہرہ

اتوار 24 جون 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع شوپیان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر فائرنگ کرکی13افراد کو زخمی کردیاہے جن میں ایک نوجوان شدید زخمی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے درم ڈورہ کیگام کا محاصرہ کرکے گھرگھر تلاشی شروع کردی تو علاقے کے نوجوانوں نے فوجی کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے احتجاجی مظاہرین پراندھا دھندفائرنگ کی اور پیلٹ گن کااستعمال کیاجس کے نتیجے میں13افراد زخمی ہوگئے جن میںجہانگیراحمدلون نامی نوجوان شدید زخمی ہے۔اسے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیاگیا۔نوجوانوں نے جواب میں بھارتی فورسز پر شدید پتھرائو کیا۔قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔دریں اثناء ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کارروائی کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے بھارتی فورسز کو آپریشن ختم کرنے اور علاقے سے چلے جانے پر مجبورکردیا۔