بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی کی کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر اپیل خارج کردی

ہفتہ 23 جون 2018 23:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ پر مشتمل ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی کی کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی جانب سے دائر اپیل خارج کردی ۔ گزشتہ روز فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایپلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے میر سرفراز بگٹی کی کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا اس سلسلے میں نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ایپلٹ کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ۔

ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلے کے بعد میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ نے اسے ایک جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف سرخرو کیا ہے وہ اپنے مخالفین پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ 25 جولائی کو انتخابات میں ان کا مقابلہ کرے ، وہ دور چلا گیا جب علاقے کے وڈیرے انتخابات کا فیصلہ کیا کرتے تھے تیکنیکی بنیادوں پر نااہل کرنے کی بجائے مخالفین انتخابات لڑ کر جیتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر پانچ سال مزید انہیں موقع ملا تو نواب اور وڈیرے عوام کی چوکھٹ پر جانے پر مجبور ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب کے لوگوں کی جانب سے سینکڑوں گاڑیوں کے استقبال کے بعد میرے مخالفین بوکھلا گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ پی بی 10 پر میرا نوابزادہ میر عالی بگٹی اور گہرام بگٹی سے مقابلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے میری انتخابی مہم سے توجہ ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔