عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہیگی ، مولانا عبدالحق ہاشمی

ملک کی لوٹی گئی دولت واپس لانے او ر ملک کو کرپشن فری بنانے کے لیے بڑا قدام اٹھاناپڑے گا

ہفتہ 23 جون 2018 23:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ کرپشن ولوٹ مار کا راستہ روک کر نفاذ اسلام وعوامی مسائل حل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہیگی ۔عوام الناس الیکشن میں جماعت اسلامی ودینی جماعتوں کا ساتھ دیں باربار آزمائے ہوئے ہو دوبارہ آزمانا دانشمندی نہیں آئین کی دفعہ 62،63پر عمل درآمد ہر امیدوار کیلئے ضروری ہے سیاسی پارٹیوں کو بھی ٹکٹ جار ی کرتے ہوئے اس کا خیال رکھنا چاہیے پاکستان کے دو خاندانوں کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں ، ان کو واپس لانے او ر ملک کو کرپشن فری بنانے کے لیے بڑا قدام اٹھاناپڑے گا۔

الیکشن کمیشن انتخابات میں اخراجات کی مقررہ حد اور 62-63 پر سختی سے عملدرآمد کروائے تاکہ کوئی کرپٹ اور لٹیرا دوبارہ عوام کی گردنوں پر سوار نہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

دینی جماعتوں کا ایجنڈا ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ پرامن اسلامی انقلاب ہی ملکی مسائل کا حل ہے ۔ نفاذ اسلام کا ایجنڈا ملک و قوم کی بقا اور سلامتی کا ایجنڈا ہے جسے ہم نے اپنے منشور کا مرکزی نقطہ قرار دیاہے اسلامی شریعت کے مقابلے میں دوسرا کوئی نظام انسانیت کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت نہیںدے سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد حکمران خاندانوں کے کارخانوں ، بنگلوں اور اندرون و بیرون ملک اثاثوں میں بے پناہ اضافہ ہواجبکہ عوام غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پستے رہے ۔ یہ لوگ عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر خدا بننے کی کوشش کرتے ہیں ۔ مورچے بدل کر عوام کو دھوکہ دینے والوں کو بعض سیاسی جماعتوں نے سینے سے لگا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ محض اقتدار چاہتی ہیں ملک میں تبدیلی یا انقلاب ان کا ایجنڈا نہیں ۔

دینی کارکنان کی دعوتی ، سیاسی جدوجہد فرد ، گروہ یا پارٹی لیڈر کے لیے نہیں ، اعلیٰ مقاصد ، اسلامی نصب العین اور نظام مصطفیٰؐ کے قیام کے لیے ہے ۔جماعت اسلامی تمام دینی قوتوں کو متحد کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے انشاء اللہ اس اتحاد کی بدولت سیکولر ، کرپٹ ، مفاد پرست سیاست کو شکست دیں گے ۔