گورنر سندھ نے جنگ ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح کیا

مختلف اسٹالز کا معائنہ، تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ گورنر سندھ

ہفتہ 23 جون 2018 23:40

گورنر سندھ نے جنگ ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح کیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے ہفتہ کو ایکسپو سینٹر میں جنگ گروپ کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح کیا۔ گورنر سندھ مختلف تعلیمی اداروں کے اسٹالز پر گئے اور ان اداروں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ مزید کہا کہ خصوصاً اعلیٰ تعلیم اور تحقیق ترقی کے لئے ناگزیر اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی نمائش کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے تاکہ اساتذہ ، طالب علموں ، جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ کو مزید بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے تحقیق چر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ تحقیق ہی اقوام عالم میں آگے بڑھنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی ترقی کے پیچھے تحقیقی سرگرمیوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

متعلقہ عنوان :