Live Updates

ہم نے ادارے بنائے جس سے لوگوں کو روزگار ملا، مخالفین نے ادارے تباہ کئے جس سے بیروزگار ی بڑھی‘ عمر ایوب

ہفتہ 23 جون 2018 23:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی و سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ متاثرین تربیلا ڈیم حلقہ میں نمائندگی کرنے والوں سے 13 سال سے آنے والے رائیلٹی کے پیسوں کا حساب مانگیں کہ وہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 42 کے مختلف مواضعات میں جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار سال 2006ء میں تربیلا ڈیم کے متاثرین کی رائیلٹی کا 10 فیصد پیسہ ریلیز کروایا جو سالانہ 60 کروڑ اورگذشتہ 13 سالوں کے تقریباً ساڑھے 7، 8 ارب روپے بنتے ہیں لیکن افسوس کے یہ پیسہ عوامی فلاح کی بجائے گھر کے ٹھیکیداروں کے ذریعہ خرچ کر کے ذاتی جیبوں میں ڈالا گیا ہے اور یہ لوگ آج تک عیاشیاں کر رہے ہیں لیکن متاثرین کا حق ہے کہ وہ ان سے پوچھیں کہ رائیلٹی کی مد میں آنے والا پیسہ کہاں خرچ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ ہم نے ادارے بنائے جہاں لوگوں کو روزگار ملا اور مخالفین نے ادارے تباہ کئے جس سے بیروزگار ی میں اضافہ ہوا، گوہر ایوب خان نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جہاں صرف 50 ہزار لوگ مزدوری کر رہے ہیں، اب اس کو مزید توسیع دی جا رہی ہے جس سے دو لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان کی کوششوں سے منگ کے مقام پر ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تعمیر کا کام جاری ہے، انشاء الله اس یونیورسٹی کے قیام کے بعد مقامی نوجوانوں کو فنی تعلیم حاصل کر کے نہ صرف ضلع ہری پور بلکہ ملک اور بیرون ملک ملازمت ملے گی جس سے افرادی قوت کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بیروزگاری میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات