لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے ساتھ مل کر 22ملین سکول سے باہر بچوں کو سکول لیجانے میںاپنا مؤثر کردار ادا کریں گے

چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد ایم اکرم فرید کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد ایم اکرم فرید نے کہا ہے کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے 22ملین سکول سے باہر بچوں کو سکول لیجانے میںاپنا موئثر کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے افسران کو سات روزہ کمپیوٹرائزڈ اکائونٹنگ ٹریننگ کی اختتامی نشست اور تقسیمِ اسناد کے موقع پراپنے خطاب میں کیا۔

یہ تقریب گزشتہ روزلاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں منعقد ہوئی ۔اختتامی تقریب میں چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد ایم اکرم فرید نے لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سیکر ٹری ڈاکٹرمحمد رحیم کے ہمراہ سات روزہ کمپیوٹرائزڈ اکائونٹنگ ٹریننگ مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر میاں شوکت مسعود، ینگ انٹرپرینورفورم کے چیئرمین شعبان خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹرمحمد رحیم اعوان نے تربیت حاصل کرنے والے افسران اوراختتامی تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا تشکیل کردہ کمیشن برائے تعلیمِ اطفال جو لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اوروفاقی محتسب کی سربراہی میںکام کررہا ہے کا مقصد 22ملین بچوں کو سکول میں لے کر آناہے جو ناگزیر وجوہات کی بناء پر تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان بچوںکو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ان کے مستقبل کوتابناک بنایا جا سکتا ہے۔اس ضمن میں چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد ایم اکرم فرید نے بتایا کہ کونسل اس اہم منصوبے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ایس ڈی سی 5ہزار سے زائد جسمانی معذوری کا شکارافراد کی تربیت دینے اور خواتین کی با اختیاری جیسے منصوبہ پر کام کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تعلیم وتربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے تمام فریقین کے مابین باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا۔چیئرمین ینگ انٹرپرینور فورم شعبان خالد نے کہا کہ پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے لئے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر میاں شوکت مسعود نے سکل ڈویلپمنٹ کونسل کی کوششوں کی تعریف کی جو مختلف اداروں کے افسران کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔