انجینئرز کے سروس سٹرکچر کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے،انجینئر جاوید سلیم

ہفتہ 23 جون 2018 23:28

ملتان۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام انجینئرز کے سروس سٹرکچر کے لئے جولائی کے آخری ہفتہ میں سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور انجینئرنگ کونسل انجینئرز کے مستقبل کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انجینئرزکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل سے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ فوری طورپر تمام سرکاری اداروںاور محکموں میں کنٹریکٹ بنیادوں پرخدمات سرانجام دینے والے انجینئرزکو ریگولرکیڈر دیاجائے اور خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کے لئے ہنگامی طورپر اقدامات کئے جائیں تاکہ بیروزگار انجینئرزملکی ترقی میں اپناکردار اداکرسکیں۔

(جاری ہے)

وہ ملتان میں انجینئرزکمیونٹی سے خطاب کررہے تھے جس میں میپکو،واپڈا،سوئی گیس،پی ٹی سی ایل،واسا،زرعی یونیورسٹی،بہاء الدین زکریایونیورسٹی اور نوازشریف یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں اور محکموں کے ہزاروں انجینئرز نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ کرائے کی کوٹھیوں میں کھولی گئی انجینئرنگ یونیورسٹیوں نے انجینئرز کے ساتھ مذاق کیا اور کم میرٹ والوں کو بھی داخلے دئیے جسکی وجہ سے آج انجینئرز بیروزگار ہیں۔پاکستان انجینئرنگ کونسل نے واشنگٹن اکارڈمیں پاکستانی انجینئرز کی شمولیت،20ہزارانجینئرزکے لئے انٹرن شپ،سی پیک منصوبوں کے لئے ایم او یوپردستخط اورپی ای سی کے نئے دفاتراور برانچزکے قیام جیسے تاریخی کارنامے سرانجام دئیے ہیں۔

انجینئرز کے بہترین مستقبل اورعزت دلوانے کے لئے کونسل بے پناہ اقدامات کررہی ہے۔پی ای سی نہ صرف ینگ انجینئرز کو نوکریاں دلوائے گی بلکہ اندرون اور بیرون ملک انجینئرز کی سپورٹ کرے گی ہمیں متحد ہوکر اپنا مستقبل سنوارناہے۔انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹوآفیسر میپکوانجینئرمحمداکرم چوہدری ایک قابل افسر ہیں ،انہوں نے ریفارمزکرکے نہ صرف پاورسیکٹرمیں نام کمایا بلکہ ادارے کی ترقی کے لئے بہت زیادہ جدوجہدکی ہے ہم اگلے انتخابات میں بھی انہیں صوبہ پنجاب سے اپناامیدوار نامزدکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ملتان سمیت بڑے شہروں میں انجینئرنگ کونسل دفاتر قائم کئے ہیں اور ان میں انجینئرز کے لئے کلب بنائے جارہے ہیں۔چیف ایگزیکٹوآفیسر میپکوانجینئرمحمداکرم چوہدری کہا کہ 2015؁ء میں انجینئرجاوید سلیم قریشی کی سربراہی میں ملنے والی قیادت نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی انجینئرزکی قابلیت،اہلیت اور خدمات کوتسلیم کروایا۔

انجینئرز کسی بھی ملک کی تعمیروترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان میں انجینئرز کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔انجینئرزنے وہ محیرالعقول کارنامے سرانجام دئیے ہیں جن پردنیاہماری صلاحیتوں کو تسلیم کرتی ہے۔انجینئرجاویدسلیم قریشی کی صورت میں انجینئرز کوایک ایسارہنما میسرآیاہے جس نے نہ صرف ان کے مسائل کو سمجھا بلکہ کسی بھی خوف اور لالچ سے بے نیازہوکر انجینئرز کے مفادکے لئے دن رات بے لوث کام کرکے دکھایااورملک بھر کے انجینئرز کو وقار دیا اور عزت دی۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ لاہور ڈاکٹر فضل خالدنے کہا کہ پاکستان انجینئر نگ کونسل نے کوالٹی آف ایجوکیشن پر بہت کام کیاہے جو تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔ ملک میں تمام مسائل کا حل ٹیکنالوجی سے ہے اور پاکستان میں تبدیلی لانے کے لئے ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کا اہم کردارہے ۔ہم انجینئر جاوید سلیم قریشی کی قیادت میں آئندہ بھی کامیابی حاصل کریں گے اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر لیکر جائیں گے ۔

چیف انجینئر ڈویلپمنٹ میپکو انجینئر شاہد حمید چوہان نے کہا کہ میپکو انجینئرز ایسوسی ایشن انجینئرز کے کاز کے لئے سرگرم ہے ۔میپکو سی ای او کی سربراہی میں آئندہ انتخابات میں دی انجینئرز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ۔ ہم انتخابات میں اپنے قائد کی قیادت میں میپکو سمیت دیگر اداروں اور محکمو ںکے انجینئرز سے ووٹ مانگیں گے اور دی انجینئرز گروپ کو کامیاب کروائیں گے ۔

انجینئرامیرضمیر احمدنے کہا کہ پی ای سی انجینئرز کے سروس سٹرکچر کے لئے سنجیدہ ہے اور ان کے بہترین مستقبل کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ پی ای سی میں انجینئرز کی بائیومیٹرک رجسٹریشن اور ویری فکیشن سے جعل سازی کا خاتمہ کردیاگیاہے اب صرف انجینئرز ہی پی ای سی میںاپنی رجسٹریشن کرواسکیں گے ۔ اجلاس سے شعبہ انجینئرنگ بی زیڈیو ڈاکٹرعبدالستار ملک، صدر میپکو انجینئرز ایسوسی ایشن محمد یعقوب گدارہ ، کیپٹن (ر) محمد اکرم اور دیگر محکموں اور اداروں کے انجینئرز نے بھی خطاب کیا اور انجینئرز کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تجاویز دیں ۔