پاکستان کا یمن میں انسانی بحران پرتشویش کا اظہار

تمام فریق مذاکرات کی میز پر واپس آئیں،صرف سیاسی تصفیہ سے ہی ملک میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات ونشریات شفقت جلیل کا جدہ میں اتحادی ممالک کے وزراء اطلاعات کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان نے یمن میں انسانی بحران پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں،صرف سیاسی تصفیہ سے ہی ملک میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات ونشریات شفقت جلیل نے ہفتہ کو جدہ میں اتحادی ممالک کے وزراء اطلاعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

شفقت جلیل اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پاکستان یمن میں امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور یمن میں جلد از جلد تشدد کا خاتمہ اور امن و استحکام کی بحالی چاہتا ہے۔اجلاس میں سعودی عرب کے وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد اور رکن ممالک کے وزراء اطلاعات کے وفود نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شفقت جلیل نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان یمن میں امن کی بحالی کیلئے جاری بحران کا خاتمہ اور جلد از جلد متحارب فریقوں کے مابین مذاکرات کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صدر عبدالرب منصور الہادی کی قانونی حکومت کی غیر مشروط بحالی اور صنعا سمیت دیگر مقبوضہ علاقوں سے باغی فورسز کے انخلا کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10اپریل 2015کو پاکستانی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ قرارداد میں ان اصولوں کی توثیق کے زریعے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے حکومت کے ہاتھ مضبوطکئے ہیں۔

شفقت جلیل نے کہا کہ یمن میں جاری جنگ سے تمام خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں جسے ہماری توجہ کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یمن کے تنازعہ میں غیر ریاستی عناصر کاکردار اور شہری آبادی اور سعودی عرب میں حساس اہداف پر حملے تمام علاقائی ممالک کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام کے مصائب دور کرنے کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔