Live Updates

پی ٹی آئی کے منشور کا محور غریب آدمی ہے‘ پرویز خٹک

ہفتہ 23 جون 2018 23:28

پی ٹی آئی کے منشور کا محور غریب آدمی ہے‘ پرویز خٹک
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بدولت 2018 کے انتخابات میں دوگنی اکثریت کے ساتھ برسر اقتدار آئے گی اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب ،سندھ ، بلوچستان اور مرکز میں حکومت بنائیں گے‘تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں میں فرق یہی ہے کہ تحریک انصاف کے منشور کا محور غریب آدمی ہے جبکہ روایتی سیاسی جماعتوں نے کبھی بھی غریب عوام کی فکر نہیں کی‘ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنے دورمیں تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کئے اور اب تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی قیادت میں ملکی وسائل کا دائرہ غریب عوام تک پھلائیںگے‘زبان پھسل جانے کی وجہ سے غیر دانستہ طور پر میرے الفاظ کی وجہ سے نوشہرہ کلاں کے عوام کوٹھیس پہنچی ہے‘ میر امقصد نوشہرہ کے عوام کی دل آزاری نہیں تھا۔

(جاری ہے)

میر امقصد نوشہرہ کلاں کے عوام کو یہ کہنا تھا کہ جتنے بھی کرپٹ اور مفاد پرست سیاست دان ہیںان کونوشہرہ کلاں کے عوام ملکر دریائے کابل میں پھینکیں۔ نوشہرہ کلاں کے عوام ہمیشہ میرے لیے اہم رہے ہیں۔نوشہرہ کے غیور عوام کے ووٹوںسے میں وزیر اعلیٰ کے عہدے پر پہنچا آئندہ بھی نوشہر ہ کے عوام کی خدمت کرتارہوںگا۔ان خیالات کااظہار سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے توحید آباد مانکی شریف ، بارہ بانڈہ، کوتر پان میںجلسوں سے خطاب اور مرکزی الیکشن دفتر پبی میںمختلف علاقوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

پرویز خان خٹک نے کہا کہ عمران خان نے آکر تبدیلی کا نعرہ لگایااورحقدار کو حق کو فراہمی، میرٹ اور انصاف کی بالادستی اوربادشاہی نظام کی جگہ ایک منصفانہ اور شفاف نظام کے قیام کیلئے عملی جدوجہد کی ۔سابقہ کرپٹ اورمفاد پرست سیاستدان عوام سے ووٹ لیکر اپنا کام نکالتے رہے مگر عوام کو کیا تکلیف ہے کسی نے سوچا تک نہیں۔ سابقہ صوبائی حکومت نے صوبے میں سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے اربوں روپے خرچ کئے آج کے سرکاری سکولوں کا اگر ماضی کے سکولوں سے موازنہ کریں تو فرق صاف نظر آئے گا۔

میرٹ پر اساتذہ کی بھرتیاں یقینی بنائی گئی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے صحت ، پولیس ، پٹوار اور دیگر شعبوں میں قابل عمل اصلاحات کی ہیں۔یہ تمام محکمے اب سیاستدانوں کی غلامی کی بجائے عوام کی خدمت کرنے لگے ہیں۔جب تک اس ملک میں غریب کے استحصال پر مبنی نظام کو تبدیل نہیں کیا جائے گا، ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں۔ ہمیں امیر اور غریب کے درمیان اس خلاء کو ختم کرنا ہوگااور اس مقصد کیلئے ملکی سطح پر ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جس کو اپنی لالچ نہ ہو بلکہ قوم کی فکر رکھتی ہو۔

انھوں نے کہا کہ جب صوبے کے باشعور عوام سابقہ دور حکومت اور تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت کا موازنہ کریں گے۔تو عوام کو فرق صاف ظاہر ہوگا۔ اور پھر خود بخودعوام فیصلہ کریں گے۔اگرصوبے کے عوام نے اس صوبے کے نظام کو تباہ کرنا ہے کرپشن اورکمیشن کے سلسلے کو جاری رکھنا ، تعلیمی نظام کو تبا ہ کرنا ہے۔تو پھر وہ مفاد پرست لوگ ان کے لیے بہتر ہیں۔

اور اگر لوگ چاہتے ہیں کہ صوبے میں تبدیلی آئے۔ انصاف اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔ عوام کی عزت نفس بحال ہو ، سفارش کلچر کاخاتمہ ہو ، عوام خوشحال رہیں اور پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہ کرسکے۔ تو پھر عوام تحریک انصاف کاساتھ ضرور دیں گے۔ میرا یقین ہے اللہ بہتر فیصلہ کرے گا۔ اور تحریک انصاف دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ اور پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات