شادی میں ہوائی فائرنگ سے دو بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا

راولپنڈی پولیس شادی بیاہ میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی پر عمل در آمد میں ناکام

ہفتہ 23 جون 2018 23:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے راولپنڈی کے علاقے ڈھوک الٰہی بخش میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے 2 بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

نظامت اعلی تعلقات عامہ پنجاب کی جانب سے قومی خبر ایجنسی کو موصولہ ہینڈ آئوٹ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے کم سن بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی کے علاقے ڈھوک الٰہی بخش میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 2 بچے زد میں آکر جاں بحق ہو گئے تھے ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی پولیس شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی پر عمل در آمد میں ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ہر گلی محلے میں ہونے والی شادی تقریبات میں سرعام ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی جاتی ہے ۔