ْتحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کی ٹکٹیں فائنل کردیں

علامہ خادم حسین رضوی، پیر محمد افضل قادری اور دیگر قائدین جلد پریس کانفرنس میں اعلان کرینگے گجرات کے 4 قومی 7 صوبائی حلقوں میں امیدوار وں کے نام جاری۔ الیکشن میں حیران کن نتائج دینگے : قائدین

ہفتہ 23 جون 2018 23:07

ْتحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کی ٹکٹیں فائنل کر دی ہیں۔ مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی، سرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قادری اور دیگر قائدین پریس کانفرنس میں اعلان کرینگے۔ جبکہ ضلع گجرات کے چار قومی حلقوں میں این اے اٹھاسٹھ کیلئے پیر قاضی محمد محمود قادری، این اے انسٹھ کیلئے راجہ سلامت زمان، این اے ستر کیلئے عدنان عاصم، این اے اکہتر کیلئے مولانا نعیم رضوی کے نام جاری کئے گئے ہیں۔

جبکہ سات صوبائی حلقوں میں پی پی اٹھائیس کیلئے حافظ فرخ ندیم، پی پی انتیس کیلئے مہر علی رضا، پی پی تیس کیلئے صاحبزادہ خالد محمود چشتی، پی پی اکتیس کیلئے کاشف بھٹی ایڈووکیٹ، پی پی بتیس کیلئے چوہدری اعجاز رنیہ، پی پی تینتیس کیلئے میاں نعمان عارف اور پی پی چوتیس کیلئے پیر سید شمیم رضا شاہ کو فائنل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین علامہ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری نے مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی سربلندی اور وطن عزیز و عوام پاکستان کی خیر خواہی کیلئے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے۔

انشاء اللہ العزیز الیکشن میں شاندار کامیابیاں حاصل کرینگے اور ملک وملت کیلئے خدمات کی عظیم تاریخ رقم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ بڑی تیزی کے ساتھ عوام میں مقبولیت حاصل کررہی ہے اور عوام وخواص کثیر تعداد میں تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف پیر محمد افضل قادری نے دربار عالیہ سیال شریف میں خواجہ پیر حمید الدین سیالوی، صاحبزادے خواجہ قاسم سیالوی اور پیر اظہر عباس سیالوی سے ملاقات کی ہے اور الیکشن کے حوالہ سے مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔