جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی کراچی کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ،نجیب ایوبی

شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں کے الیکٹرک کے ظلم کے خلاف مظاہرے کئے، پانی بحران کے حل کیلئے جدوجہد کی ہے،سیکرٹری جنرل پبلک ایڈ کمیٹی کراچی

ہفتہ 23 جون 2018 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) محبان وطن پاکستان سیل کراچی کے تحت ادارہ نور حق میںعید ملن کی تقریب سے پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سیکریٹری نجیب ایوبی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی کراچی کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ،کے الیکٹرک کے ظلم کے خلاف مظاہرے کئے او ر پانی کے بحران کے حل کے لئے جدوجہد کی ہے۔

اس تقریب سے محبان وطن سیل کے کنونیئر سید شہزاد مظہرہیومن رائٹس کے عمران بھاشانی، رابطہ کمیٹی کے رہنما رحمت بھائی ،پاک مسلم الائنس کے سیکریٹری حسین بخش، رفعت اعوان ایڈوکیٹ،قاضی نور حسین،مولانا جعفر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید شہزاد مظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محبان وطن سیل نے جماعت اسلامی کے تعاون سے مختلف قومیتوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم ایم اے کے مخلص اور دیانتدار قیادت کو اسمبلی میں منتخب کرانے کی بھر پور محنت کریں تا کہ عوام کے بنیادی حقوق و مسائل حل ہوں ۔پاک مسلم الائنس کے سیکریٹری حسین بخش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ڈھاکہ میں قائم ہوئی بنگال کے مسلمانوں نے پاکستان کے قیام وبقا کے لئے قربانیاں دیں لیکن آج ان کی اولاد کو پاکستان کی حمایت میں بنگلہ دیش میں پھانسیاں دی جارہی ہے اور پاکستان میں ان کو بنیادی شہریت سے محروم کرکے روزگار ،تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں جانے سے محروم کررکھا ہے ۔

بنگلہ رابطہ کمیٹی کے رہنما رحمت بھائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی کوششوں سے بنگلہ زبان بولنے والے محب وطن پاکستانیوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاںہوئیں مزید مسائل کے حل کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے ایم ایم اے کی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔رفعت اعوان ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے شہریوں کے حقوق و مسائل کیلئے جدوجہد کی ہے ۔مختلف پارٹیاں ہیں لیکن انہیں عوامی مسائل سے دلچسپی نہیں ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم ایم اے کے مخلص نمائندوں کی کامیابی کے لئے بھر پور جدوجہد کریں۔#