صحافی ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنی قلم کی طاقت استعمال کریں،جمیل یوسف

نگراں حکومت کے پاس بہت محدود وقت ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم 2018کے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں میں بھی زیادہ سے زیادہ بہتری لا سکیں، نگران صوبائی وزیر اطلاعات کی پریس کلب حیدر آباد میں صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 23 جون 2018 22:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات ، ماحولیات ، سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی ، قانون اور پارلیمانی امور ، ماحولیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی جمیل یوسف نے صحافی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنی قلم کی طاقت کو استعمال کریں تاکہ کرپشن کا ناسور ختم کر کے ہمارے ملک کے لوگوں کو خوشحال بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس بہت محدود وقت ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم 2018کے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں میں بھی زیادہ سے زیادہ بہتری لا سکیں ۔وہ پریس کلب حیدرآباد کے دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے۔ نگراں صوبائی وزیر نے ووٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینا ایک قومی ذمہ داری ہے اور لوگوں کو اچھی شہرت رکھنے والے ایماندار اور مخلص لوگوں کو ہی منتخب کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ سیاستدانوں کو لمبی لمبی کوریج دینے کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور اچھے کاموں کو بھی نمایاں کریں جس سے معاشرے کے اچھے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر معاشرے کے قیام میں میڈیا کا کردار نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی حالت نا گفتہ بہ ہے اور میرٹ کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ آج انتظامیہ کا کام ہی عدلیہ کو کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے اشتہارات کے شعبے میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور اشتہارات کی تفصیل ویب سائیٹ پر بھی جاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ محدود وقت میں صحافیوں کو در پیش مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بنائے گئے ترقیاتی منصوبوں پر وزراء اپنے ناموں کی تختیاں لگواتے ہیں جوکہ سراسر نا قابل فہم ہے ۔

انہوں نے پریس کلب حیدرآباد کی انتظامیہ کو کہا کہ وہ انہیں درپیش مسائل با الخصوص صحافیوں کی ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق انہیں خط ارسال کریں تاکہ وہ اس ضمن میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرسکیں ۔قبل ازیں نگراں صوبائی وزیر جمیل یوسف نے سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں ایڈیشنل کمشنر حیدرآباد محمد سالک مرزا اور ڈی سی حیدرآباد محمد اسلم سومرو کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور حیدرآباد میں انتخابات کے سلسلے میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تفصیلات معلوم کی۔

اس کے علاوہ نگراں صوبائی وزیر جمیل یوسف نے محکمہ اطلاعات حیدرآباد آفس کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاںمحکمہ اطلاعات حیدرآباد اور میر پور خاص کے افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پرڈویزنل ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات حیدرآباد زاہد مصطفی میمن نے صوبائی وزیر کو محکمہ اطلاعات حیدرآباد کی کارکردگی اور در پیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا ۔

صوبائی وزیر نے افسران و عملے کو وقت کی پابندی کرنے اور ڈسیپلین قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویزن کو در پیش مسائل با الخصوص ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات میر پور خاص شفیق میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوائی خان چھلگری بھی موجود تھے۔بعد ازاں انہوں نے شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں محکمہ آرکائیوز کی عمارت اور محکمہ اطلاعات کی زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا ۔

بعد ازاں نگراں صوبائی وزیر نے محکمہ ماحولیات اور محکمہ قانون و پارلیمانی امور کے افسران کے ساتھ شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآبادمیں ایک اجلاس منعقد کیااور دونو ں محکموں کی کارکردگی سے متعلق متعلقہ افسران سے معلومات لی ۔ انہوں نے دونوں محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ ملکر کام کریں تاکہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے عوامل اور لوگوں کے خلاف مؤثرقانونی کاروائی کی جا سکے۔