نواز شریف کا مستقبل عدلیہ نے بتا دیا ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیئے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

پی ٹی آئی سنجیدہ جماعت نہیں، جن کا لیڈر گالیاں دیتا ہو اور وہ اپنا گھر سنبھال نہیں سکتا، وہ ملک کو کس طرح چلا سکتا ہے، صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 23 جون 2018 22:22

نواز شریف کا مستقبل عدلیہ نے بتا دیا ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیئے، ..
ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مستقبل عدلیہ نے بتا دیا ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیئے، اگر نہیں آئے تو ان کا نقصان اور ان کی پارٹی کو ہوگا، یہ بات انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پی ٹی آئی سنجیدہ جماعت نہیں، جن کا لیڈر گالیاں دیتا ہو اور وہ اپنا گھر سنبھال نہیں سکتا، وہ ملک کو کس طرح چلا سکتا ہے، پیپلزپارٹی کے خلاف الیکشن سے قبل موسمی لوگ نکلتے ہیں، اور پیپلزپارٹی کے متبادل کا نعرہ لگاتے ہیں، لیکن پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمروں کا مقابلہ کیا ہے، آج ملک میں ایک بار پھر خفیہ ق لیگ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب ظاہری ق لیگ کچھ نہ کر سکی تو خفیہ ق لیگ کیا کرے گی، کسی بھی ادارے نے عوام کے فیصلے کو روکنے اور اپنے فیصلے مسلحت کرنے کی کوشش کی تو انتخابات بے معنی ہو جائیں گے اور ملک کو نقصان ہوگا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر ، سابق ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، عبدالکریم سومرو، خرم کریم سومرو، حاجی امین لاکھو، نور محمد ویسریو، ارشاد میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔