25جولائی کے انتخابات ترقی و خوشحالی کی راہ متعین کریں گے، گورنر سندھ

ہفتہ 23 جون 2018 21:49

25جولائی کے انتخابات ترقی و خوشحالی کی راہ متعین کریں گے، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25جولائی کے انتخابات ملک کی ترقی و خوشحالی کی سمت تعین کریں گے اس لئے یہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ انہیں شفاف ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگراں وفاقی وزیر ریلویز روشن خورشید بروچہ سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق نگراں حکومت کی سب سے بڑی ذمے داری انتخابی عمل کے دوران اور پولنگ کے دن امن و امان کو برقرار رکھنا اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ میں ایک ماہ کا وقت رہ گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشور اور دعووں کے ساتھ عوام کے پاس جارہی ہیں اب یہ عوام کی ذمے داری ہے کہ وہ ایسے نمائندے منتخب کریں جو ملکی مسائل کا ادارک رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں حل کرنے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتے ہوں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہاکہ صوبہ سندھ میں بھی تمام سیاسی جماعتیں ووٹ حاصل کرنے کے لئے پورا زور لگارہی ہیں، لیکن اب یہ عوام کی ذمے داری ہے کہ وہ سابقہ نمائندوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے 5 سال کے لئے اپنے نمائندے منتخب کریں۔ روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ نگراں کابینہ انتخابات کو شفاف اور پر امن بنانے کے لئے پر عزم ہے تاکہ عوام کی مرضی اور رائے کے مطابق نئی اسمبلیاںوجود میں آسکیں۔