Live Updates

نگران حکومت غیر جانبدار نہیں، آئندہ انتخابات کا عمل غیر شفاف محسوس ہو رہا ہے، رانا تنویر حسین

ہمارے حلقوں میں مخالف امیدوار کھلم کھلا اہم اداروںکا نام لے کر ووٹروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں جن کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا انتخابات کے دوران مزید پتہ چلے گا کہ نگران کتنے غیر جانبدار ہیں،اجتماع سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 21:44

نگران حکومت غیر جانبدار نہیں، آئندہ انتخابات کا عمل غیر شفاف محسوس ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نگران حکومت غیر جانبدار نہیں جس کے باعث آئندہ انتخابات کا عمل غیر شفاف محسوس ہو رہا ہے۔ ہمارے حلقوں میں مخالف امیدوار کھلم کھلا اہم اداروںکا نام لے کر ووٹروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں جن کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا۔

انتخابات کے دوران مزید پتہ چلے گا کہ نگران کتنے غیر جانبدار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما ، سابق چیئر مین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا اعجاز حسین اور سابق سٹی ناظم میاں آصف نذیر کی طر ف سے مسلم لیگ ن کے پینل کی حمائت کا اعلان کرنے کے موقع پر سابق کونسلر رانا اعظم علی، رانا مالک ،رانا وارث، رانا عارف، رانا الطاف برادران کی رہائش گاہ پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ رانا اعجاز حسین ہمارا خون ہے اوراس کے الگ ہونے سے ہمارا پورا خاندا ن شدید متاثر رہا مگر اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دوبارہ ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہم نے مفادات کی سیاست کو دفن کر دیا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے الگ الگ سیاسی جماعتوں میں رہ کر مفادات حاصل کرنے کے بجائے عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان قیادت ہماری سیاسی وارث ہے جو نچلی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرکے علاقائی اور ملکی ترقی کا باعث بنے گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ قومی سطح پر ہم نے دہشت گردی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور مکمل طور پر بند رہنے والی صنعتوںکو24گھنٹے بجلی فراہم کی ہے جبکہ مقامی سطح پر غنڈہ گردی، بدمعاشی اور لا قانونیت کا خاتمہ کرکے تاجروں کو پر سکون طور پر کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی رانا افضال حسین کے ہمراہ رانا اعجاز حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے نظریاتی کارکنوں اور کئی سالوں سے پارٹی کے لیے خدمات سرانجام دینے والوں کے بجائے راتوں رات شمولیت اختیار کرنے والوں کو ٹکٹ جاری کردیئے جس کے بعد ایسی جماعت کے ساتھ منسلک رہنا نا ممکن تھا۔ انہوںنے کہا کہ میرے ہزاروں ساتھیوں نے پی ٹی آئی کے لیے دن رات محنت کی اور عوام سے تبدیلی کا وعدہ کیا مگر قیادت کی طرف سے لوٹوں کو عزت دینے اور دوسری جماعتوں کے مسترد شدہ چہروں کو ٹکٹ جاری کرنے پر انہیں ہزیمت کا سامان کرنا پڑا۔

انہوںنے کہا کہ ہم رانا تنویر حسین اور رانا افضال حسین کے ساتھی بن کر گلی گلی جا کر عوامی مسائل حل کرائیں گے ۔ قبل ازیں علاقہ کی معروف شیخ بشیر، شیخ نذیر احمد خاندان کے سپوت سابق سٹی ناظم میاں آصف نذیر کی قیادت میں شیخ برادری نے مسلم لیگ ن کے پینل کی حمائت کا اعلان کیا۔ چیئر مین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، سینئر کونسلر سید اعجاز الحسن شیرازی، رانا ریاض احمد خاں کی موجودگی میں رانا وحید، رانا امجد حسین، چودھری سعید احمد رانجھا، رانا عرفان علی، رانا زمان ، رانا عامر، سابق کونسلر ڈاکٹر ساجد محبوب، ملک افضل، عثمان احمد، میاں شبیر حدوکے، کاشف جٹ، حاجی افضل، چودھری نعیم اللہ، شوکت علی بھٹہ،رانا اصغر علی، چودھری اکرام اللہ بھٹہ،خواجہ عمران حمید، شیخ محمد عباس، شیخ کبیر اشرف سمیت سیکڑوں اہم شخصیات نے رانا افضال حسین کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے پینل کے مکمل حمائت کا اعلان کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات