Live Updates

کسی کے ٹکٹ کی ضرورت نہیں ،25 جولائی کو مخالفین کی ضمانتیں ضبط ، عبرت ناک شکست سے دوچارکر دینگے ، چوہدری نثار

مشرف نے مارشل لاء لگا کر نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی ، ان کو اٹک قلعے میں قید کردیا تھا ، اس وقت بھی اس علاقے کے عوام نے مجھے کامیاب کرا کے اسمبلی میں بھیجا ، عمران خان نے بھی مجھے ٹکٹ کی پیشکش کی، تمام ایسے لوگوں کا شکر گزار ہوں، ، ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی ، کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی ،عام انتخابات میں اس حلقے سے ایک لاکھ 72 ہزار ووٹ حاصل کرونگا ، اقتدار میں آکر کوئی پٹرول پمپ سی این جی اسٹیشن اور کوئی فیکٹری نہیں لگائی عوام کی خدمت کی ہے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء سابق وزیر داخلہ کاچک بیلی میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 21:06

کسی کے ٹکٹ کی ضرورت نہیں ،25 جولائی کو مخالفین کی ضمانتیں ضبط ، عبرت ..
چک بیلی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ انہیں کسی کے ٹکٹ کی ضرورت نہیں ہے ، مخالفین کو عبرت ناک شکست دی جائے گی ، 25 جولائی کو علاقے کے عوام مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے ، ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی ہے ، کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی ، انہوں نے دعوی کیا کہ انتخابات میں اس حلقے سے ایک لاکھ 72 ہزار ووٹ حاصل کروں گا ، اقتدار میں آکر کوئی پٹرول پمپ سی این جی اسٹیشن اور کوئی فیکٹری نہیں لگائی عوام کی خدمت کی ہے ، انہوں نے کہا کہ مشرف نے مارشل لاء لگا کر نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی تھی ، انہیں اٹک قلعے میں قید کیا تھا ، اس وقت بھی اس علاقے کے عوام نے مجھے کامیاب کرا کے اسمبلی میں بھیجا ، یہ غیرتمندوں کا علاقہ ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کسی ٹکٹ کی ضرورت ہوتی تو وہ درخواست دیتے ، عمران خان نے بھی مجھے ٹکٹ کی آفر کی میں تمام ایسے لوگوں کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو چک بیلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، آپ مخالفین کو بے یارومددگار چھوڑ دیں گے ،چوہدری نثار نے 34سال علاقہ کا مان رکھا، چوہدری نثار مٹی کا سپوت ہے ، آج مشکل وقت میں آپ نے چوہدری نثار کا ساتھ دینا ہے ، جس قوم اور شخص کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا،پچھلی مرتبہ اس علاقہ کے لوگوں نے مجھے ایک لاکھ38ہزار ووٹوں سے نوازا اس مرتبہ میں ایک لاکھ72ہزار ووٹ لوں گا ، میں نے کوئی خوشامد نہیں کی ، کوئی پیٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن نہیں لگایا ، کوئی مل نہیں لگائی ، اس علاقے میں پہلے اسکول اور سڑکیں نہ ہونے کے برابر تھیں ،اس علاقے میں کوئی کونہ نہیں ہے جہاں میری خدمت کا نشان نہیں ہے ، میرے مخالفین میرے جلسے دیکھ کر خوفزدہ نہ ہو جائیں ،میں نے اقتدار کو ہمیشہ علاقے پر لٹایا ، چوہدری نثار نے کہا کہ میرا مخالف یہ کہتا رہا کہ چوہدری نثار نے بے وفائی کی ، جو شخص جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ایم پی اے رہا ہو وہ نوازشریف سے وفاداری دکھا رہا ہے ، مشرف کے حمایتی نوازشریف کے ساتھ وفاداری کا معیار قائم کر رہے ہیں ،یہ تو چور کا پولیس کی تعریف کرنے کے مترادف ہے ، جس دن چور پولیس کی تعریف کرے اس دن کچھ نہیں رہے گا ، آستین چڑھا کر ہر کوئی تقریر کر لیتا ہے ، 1988میں میں واحد وزیر تھا جو کامیاب ہوا، 2002کے انتخابات میں نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ، انہیں اٹک قلعے میں قید کیا گیا اور سعودی عرب بھیج دیا گیا ، انتخابات میں ہم نے 13نشستیں جیتیں جس میں آپ کی نشست بھی شامل تھی ، اس دفعی ہمیں یہاں سے ریکارڈ کامیابی ملے گی ۔

انہوں نے شعر بھی پڑھ کر سنایا ۔ جس کو طوفاں سے الجھنے کا شوق ہو ایسی کشتی کو سمندر بھی دعا دیتے ہیں یہ کشتی ڈوبنے والی نہیں ہے بلکہ طوفانوں کا مقابلہ کرنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں بلکہ میں اللہ اور اس کی مخلوق کا محتاج ہوں ، 25جولائی کو اس حلقے کے نتائج دیکھنا عوام میرے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے ، جس طرح میں نے سر اٹھا کر سیاست کی ہے آپ نے سر اٹھا کر میرے لیے ووٹ مانگنا ہے ، اس علاقے کا قلعہ مضبوط ہے ، یہ وفاداروں کا علاقہ ہے ، یہ ایک تاریخی انتخابات ہیں ، اس عظیم اور تاریخی کامیابی میں عوام بھی اپنا حصہ ڈالیں ، چکری میں میری سیاسی زندگی کا سب سے بڑا جلسہ ہوا۔

چوہدری نثار نے بلھے شاہ کا شعر پڑھا کہ جے میں ویکھاں اپنڑے عملاں ولے کجھ نہیں میرے پلے جے میں ویکھاں تیرے ولے بلے ہی بلے ،بلے ہی بلے یہ علاقہ غیرتمند اور بہادر لوگوں کا ہے ، یہاں کے لوگ اپنی عزت کا سودا نہیں کرتے ، میں نے سڑکیں ، اسکول ، ہسپتال بنائے ، روات میں میں نے 60 بستروں کا ہسپتال بنایا ، اب پونے 2 ارب سے یہاں کارپٹ سڑک بن رہی ہے ۔

میرے مخالفین کے دور میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوئی ہیں کسی کو زحمت نہ ہوئی کہ سڑکیں بنائے ۔ میرے اور عوام کا مٹی کا رشتہ ہے ۔ مجھے اپنے عوام کی وفاداری پر مان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ م یرے خاص علاقے میں میرے لئے ووٹ مانگیں میں عزت سے سیاست کرتا ہوں ۔ مجھے اقتدار اور وزارت کا لالچ ہوتی تو میں کیوں وزارت چھوڑتا ، اگر مجھے ٹکٹ کی ضرورت ہوتی تو ایک درخواست دینی تھی ۔ عمران خان نے بھی مجھے ٹکٹوں کی آفر کی ، میں تمام افراد کا شکر گزار ہوں اور تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ آپ نے میرا اور علاقے کا مان رکھا ۔ انہوں نے شعر پڑھا کہ اپنے قد پہ جو کھڑا ہوں ، یہ تیرا ہے کرم مجھے جھکنے نہیں دیتا سہارا تیرا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات